خواجہ آصف کو نشان امتیاز دیں یا جرات: کوئی اعتراض نہیں، حنیف عباسی

بدھ 3 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ان کا وزیر دفاع خواجہ آصف سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں ہے، خواجہ آصف کو نشان امتیاز دیں یا نشان جرات مجھے کوئی اعتراض نہیں۔

نجی ٹی وی پروگرام میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے سوال کیا گیا کہ ان کا وزیر دفاع خواجہ آصف سے کیا اختلاف ہے؟ جواب میں حنیف عباسی نے کہا کہ ان کا خواجہ آصف کے ساتھ کوئی ذاتی اختلاف نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومتی بینچوں پر بیٹھ کر اپوزیشن جیسی باتیں زیب نہیں دیتیں، حنیف عباسی کی خواجہ آصف پر تنقید

حنیف عباسی نے کہا کہ خواجہ آصف سینئر اور بزرگ سیاستدان ہیں، میں صرف اپنا مؤقف بیان کرتا ہوں، میں بھی اسمبلی میں کھڑے ہو کر روزانہ تقریر کر سکتا ہوں لیکن میں 2، 3 مہینے بعد جب کوئی مسئلہ آتا ہے اس پر بات کرتا ہوں، خواجہ آصف کی جگہ کوئی بھی سینئر یا جونیئر سیاستدان حکومتی بینچز پر بیٹھ کر یہ بات کر رہا ہوتا تو میں یہیں جواب دیتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے نظام کو برا بھلا کہہ رہے ہیں جس کا ہم حصہ ہیں اور جس نظام کا ہم 40 سال سے حصہ رہے ہیں، یہ مناسب رویہ نہیں ہے، اگر میرے کسی سے ذاتی اختلافات ہوں گے تو میں اسے پارٹی کے اندر بیٹھ کر حل کرنے کی کوشش کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بھی پارٹی سے کئی اختلافات ہوتے ہیں لیکن کبھی کسی نے ہمارے چہرے سے اندازہ نہیں لگایا ہوگا، ان اختلافات کو ہم گھر کے اندر حل کرتے ہیں لیکن یہاں سرعام کپڑے دھونا مناسب نہیں ہے، 40 سال اگر آپ کہتے ہیں کہ پنجاب میں لوکل باڈیز نہیں ہیں تو کیا اب لوکل باڈیز کی کمی وزیراعلیٰ پنجاب پوری نہیں کر رہی؟

یہ بھی پڑھیں: خواجہ آصف سیالکوٹ میں سڑک کی ناقص تعمیر پر بول پڑے، شدید تحفظات کا اظہار

حنیف عباسی نے کہا کہ راولپنڈی کو دیکھیں، راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی دیکھیں، میٹرو دیکھیں، راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی دیکھا ہے، راولپنڈی میں پل بنتے دیکھیں، راولپنڈی میں صفائی کا نظام دیکھیں، ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ دیکھیں، نظام بدلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کبھی آپ ہائبرڈ نظام کی بات کرتے ہیں اور کبھی اپنے ہی منہ پر طمانچہ مارنے والی بات ہو جاتی ہے، ہم دنیا کو کیا بتا رہے ہیں کہ ہائبرڈ نظام پر ہماری حکومت چل رہی ہے۔ ’آپ ذمہ دار آدمی ہیں، جنگ کے دوران آپ نے کہہ دیا کہ ہم یو ایس اے اور یورپ کے گندے کپڑے دھوتے رہے ہیں یعنی ہم دہشت گردی کو پروان چڑھاتے رہے ہیں، آپ ایک ذمہ دار مقام پر ہوتے ہوئے ایسی باتیں کر رہے ہیں۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ہم ایک جمہوری نظام کے تحت حکومت چلا رہے ہیں، آپ معرکۂ حق کو انجوائے کریں، پاکستان نے اپنے بہت بڑے دشمن کو شکست دی ہے، آپ اس کو انجوائے کریں، یہ کہ اگر ہم 40 سال کے نظام کی بات کریں جس میں لوکل باڈیز الیکشن نہیں کرواتے، کرپشن ہے اور انکروچمنٹ ہے تو ایسے میں میں بھی کئی مسائل پر بات کر سکتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: ریلوے نظام میں بہتری کے لیے انقلابی اقدامات جاری ہیں، وزیر ریلوے حنیف عباسی

انہوں نے کہا کہ ہم نے اگر یہ باتیں کرنی ہیں تو اپوزیشن میں جانا چاہیے، اپوزیشن میں یہ باتیں بہت اچھی لگتی ہیں، یعنی اگر حکومت دودھ کی نہریں بھی بہا رہی ہو تو میں اپوزیشن میں کہوں گا یہ دودھ پانی میں ملا ہوا ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ زندگی میں کبھی کسی کے کہنے پر تقریر نہیں کی، خواجہ آصف کو نشان امتیاز دیں یا نشان جرات مجھے کوئی اعتراض نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp