مجھ پر تنقید کرنے والے بے شرم، پی ٹی آئی انتشار کا شکار ہوگئی ہے، علی امین گنڈاپور برس پڑے

بدھ 3 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ جو لوگ مجھ پر تنقید کررہے ہیں وہ بے شرم ہیں، اس وقت پی ٹی آئی انتشار کا شکار ہوگئی ہے۔

پشاور میں اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ سینیٹ الیکشن کے ٹکٹوں کی تقسیم سے میرا کوئی تعلق نہیں، اس حوالے سے ایک ڈرامہ رچایا گیا اور بلاوجہ مجھ پر تنقید کی گئی، حالانکہ ہم سب صرف چیئرمین عمران خان کے فیصلوں پر عمل کرتے ہیں کیونکہ یہ پارٹی ان ہی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور نئے صوبوں اور صدارتی نظام کے حق میں سامنے آگئے

علی امین گنڈا پور نے شکوہ کرتے ہوئے کہاکہ مجھے عمران خان سے ملاقات نہیں کرنے دی جارہی تاکہ میرا براہِ راست رابطہ اُن سے نہ ہو سکے۔ اس عدم ملاقات کی وجہ سے نہ صرف پارٹی کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ اندرونی تقسیم بھی جنم لے رہی ہے، حالانکہ عمران خان کی خواہش ہے کہ پارٹی ہرگز تقسیم نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ عمران خان سے میری ملاقات کی راہ میں رکاوٹ ہیں وہ دراصل ہمارے خیر خواہ نہیں بلکہ دشمن ہیں، اور بدقسمتی سے وہ اپنے مقصد میں کامیاب بھی ہورہے ہیں کیونکہ پارٹی اس وقت انتشار کا شکار ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ عمران خان نے سینیٹ امیدواروں کے نام خود دیے تھے لیکن متعدد افراد نے یہ پروپیگنڈا کیا کہ یہ جھوٹ ہے اور بانی پی ٹی آئی نے کوئی نام نہیں دیے۔ بعد ازاں عمران خان نے خود اس بات کی تصدیق کی، مگر اس وقت تنقید کرنے والوں میں سے کسی نے بھی معافی نہیں مانگی۔

یہ بھی پڑھیں: فضل الرحمان نے ’مال‘ لے کر 26ویں ترمیم کے لیے ووٹ دیا، علی امین گنڈاپور کی مولانا پر پھر تنقید

علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ کسی ایک شخص نے بھی ہمت کرکے یہ تسلیم نہیں کیا کہ وہ غلط تھا، یہی رویہ دراصل بے شرمی ہے کہ الزام لگایا جائے، مؤقف پر اڑے رہا جائے مگر بعد میں ثابت بھی نہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان سے ان کی آخری ملاقات 2 اپریل کو ہوئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp