چینی سرمایہ کاری کے لیے پاکستان میں تمام سہولیات دستیاب ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

جمعرات 4 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے دوسری پاک-چین بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مشترکہ وینچرز کے مواقع میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور یقین دلایا کہ انہیں تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مواقع فراہم کریں گے اور چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی سے سستی لیبر اور دیگر سہولیات میسر ہوں گی۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور سرمایہ کاروں کے مسائل حل کرنے کے لیے وہ ذاتی طور پر دستیاب رہیں گے۔

شہباز شریف نے پاک-چین تعلقات کو ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہرا، فولاد سے مضبوط اور شہد سے میٹھا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دوستی باہمی احترام، اعتماد اور تعاون پر مبنی ہے۔

انہوں نے سی پیک کے ذریعے پاکستان کی توانائی، زراعت اور صنعت میں ترقی کو اجاگر کیا اور بتایا کہ سی پیک کی بدولت پاکستان توانائی کے بحران پر قابو پا چکا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سی پیک کے دوسرے مرحلے میں چین کے ساتھ مزید تعاون چاہتا ہے، خاص طور پر آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، کان کنی اور دیگر شعبوں میں۔

انہوں نے چینی سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ پاکستان میں ان کے لیے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں اور مشترکہ منصوبوں سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔

شہباز شریف نے چینی سرمایہ کاروں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پاکستان آپ کا دوسرا گھر ہے، جیسے چین ہمارا دوسرا گھر ہے۔ آئیں اور مشترکہ منصوبے شروع کریں تاکہ پاک-چین تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp