نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور شدید بارش کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ کے مطابق بہاولپور، بہاولنگر، احمدپور، لیاقت پور، ظاہر پیر، راجن پور، خان پور، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور صادق آباد میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش اور طوفانی ہواؤں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیے: چناب و ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب، پنجاب میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش سے پہاڑی ندی نالے بپھرنے، لینڈ سلائیڈنگ اور شہری و نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ تیز ہوائیں کمزور درختوں کو گرا سکتی ہیں اور بجلی کا نظام متاثر ہو سکتا ہے جبکہ بارش اور گردوغبار سے حد نگاہ متاثر ہونے پر ٹریفک حادثات کا بھی امکان ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر کھڑا کریں، درختوں اور کمزور ڈھانچوں سے دور رہیں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔