انگلینڈ نے ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے بڑی فتح حاصل کرتے ہوئے جنوبی افریقہ ک بھیانک شکست سے دوچار کردیا ۔
یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ بھارت ٹیسٹ سیریز میں ٹوٹے اور بنے نئے ریکارڈز
دی روز باؤل ساوتھمپٹن میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں انگلش ٹیم نے 414 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کیا جس کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم صرف 72 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
یہ میچ ہیری بروک کی قیادت میں کھیلا گیا جو کہ سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ تھا کیونکہ انگلینڈ ابتدائی 2 میچ ہار چکا تھا۔
جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما زخمی ہونے کے باعث بیٹنگ کے لیے میدان میں نہ اتر سکے۔
ریکارڈز کی بارش
انگلینڈ نے 342 رنز سے فتح حاصل کر کے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کے سب سے بڑے مارجن سے جیت کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
سابقہ ریکارڈ 290 رنز سے بھارت کے پاس تھا جو اس نے سری لنکا کو سنہ 2023 میں ہراکر حاصل کیا تھا۔
انگلینڈ کی طوفانی بیٹنگ
جیمی اسمتھ اور بین ڈکٹ نے تیز شروعات فراہم کی۔ ڈکٹ 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اسمتھ نے 48 گیندوں پر 62 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
روٹ اور بیتھل کی تباہ کن شراکت
اسمتھ کے آؤٹ ہونے کے بعد، جو روٹ اور جیکب بیتھل نے 182 رنز کی تباہ کن شراکت قائم کی۔
مزید پڑھیے: قومی ویمنز کرکٹرز کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان، سعدیہ اقبال اے کیٹیگری میں شامل
بیتھل نے 82 گیندوں پر 110 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی (13 چوکے، 3 چھکے)۔ یہ ان کی پہلی سینچری بھی تھی۔
بیتھل صرف 21 سال 319 دن کے تھے اور وہ انگلینڈ کے تیسرے سب سے کم عمر سنچری میکر بنے۔
جو روٹ کی 19ویں سینچری
جو روٹ نے 96 گیندوں پر اپنی 19ویں ایک روزہ انٹرینشنل سینچری مکمل کی۔ یہ انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں ہیں۔
انگلینڈ میں کھیلے گئے میچز میں یہ ان کی 10ویں ہوم سینچری تھی، جو ایک علیحدہ ریکارڈ ہے۔
بٹلر کا دھماکہ خیز اختتام
جوس بٹلر نے 32 گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 62 رنز بنائے اور ٹیم کا اسکور 5 وکٹوں پر 414 رنز تک پہنچایا۔
اس اننگز کے ساتھ بٹلر نے ایک روزہ انٹرنیشل کرکٹ میں ڈھائی ہزار ہوم رنز کا سنگ میل بھی عبور کیا۔
جنوبی افریقہ کی بیٹنگ کا دیوالیہ
جنوبی افریقہ کی ٹیم صرف 72 رنز بنا سکی۔ جوفر آرچر نے تباہ کن بولنگ کی اور باقی بولرز نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اس طرح جنوبی افریقہ کی ٹیم 9 وکٹوں پر 72 رنز تک محدود رہی۔ باووما بیٹنگ کے لیے دستیاب نہیں تھے۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار رہی۔ انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عادل رشید نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
مزید پڑھیں: کرکٹ کے یادگار ڈرامائی لمحات، بھارت نے انگلینڈ کو صرف 6 رنز سے ہرا کر ٹیسٹ سیریز برابر کر دی
انگلینڈ نے نہ صرف سیریز کا اختتام شاندار انداز میں کیا بلکہ تاریخی جیت کے ساتھ عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔
یہ میچ نوجوان کھلاڑیوں خصوصاً جیکب بیتھل کے لیے کیریئر کا یادگار لمحہ بن گیا۔