سیاسی لبادہ اوڑھے دہشت گرد آئین کے ساتھ کھڑے ہونے اور سیاست میں مداخلت سے انکار پر فوج اور آرمی چیف پر حملے کر رہا ہے۔ امریکن جیوش لابی جس کے لیے فکر مند ہے، اس کی ایک حافظ قران، ایماندار اور پروفیشنل آرمی چیف سے تکلیف ہم سمجھ سکتے ہیں۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے آرمی چیف کے خلاف عمران خان کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کرنے والی فوج اور اس کے سپہ سالار کے خلاف دہشت گردوں کا سہولت کار اور اس کے مسلح جتھے جنگ کر رہے ہیں۔
پی ڈی ایم سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ لسبیلہ کے شہدا کے خلاف غلیظ مہم چلانے والا اب فوج اور آرمی چیف کے خلاف گھٹیا مہم چلا رہا ہے۔ تکلیف یہ ہے کہ بند کمرے اور ایوان صدر میں ایکسٹینشن کی آفر کرنے کی سہولت ختم ہو چکی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف اور فوج پر گھٹیا اور بے بنیاد الزامات اس لیے لگائے جا رہے ہیں کیونکہ انہیں عمران نیازی اور پورے ٹبر کی کرپشن کا اچھی طرح علم ہے۔ جناح ہاؤس، ریڈیو پاکستان، شہداء، غازیوں اور قومی یادگاروں پر حملے کرنے والا فوج اور عوام میں تقسیم پیدا کرنے کے بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔
پی ڈی ایم نے کہا کہ دہشت گردوں کو واپس لانے والا دہشت کھل کر پاکستان کے خلاف سامنے آچکا ہے۔ کہا جتنے مرضی گھٹیا پن کا مظاہرہ کرو، سلیکشن کی سہولت بند ہے۔ عمران نیازی کا بیان اسے دیکھ کر خوش ہونے اور جوڈیشل این آر او دینے والوں کے لیے تازیانہ اور آئینہ ہے۔