آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ میں یومِ بحریہ شہدا عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، جس میں قرآن خوانی، شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعاؤں اور مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
یومِ بحریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں نیول چیف نے کہا کہ 8 ستمبر کا دن ان سرفروشوں کے تاریخی حوصلوں کی یاد دلاتا ہے جو سمندری محاذ پر ثابت قدم رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پاک بحریہ کی ثابت قدمی اور بحری سرحدوں کا ناقابلِ تسخیر دفاع ہمارے تابناک ماضی کا تسلسل ہے۔
مزید پڑھیں: 8 ستمبر: ملک بھر میں یوم بحریہ ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
یومِ بحریہ کی تقریبات میں تقریری و ملی نغموں کے مقابلے، میراتھن، کشتی ریلی اور شہدا کے اہلِ خانہ سے ملاقات شامل تھیں۔
اس کے علاوہ پی این ایس قاسم منوڑہ میں انسدادِ دہشتگردی کی مشق کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف آپریشنل منظرناموں کے ذریعے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مکمل تیاری کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔
تقریبات میں اعلیٰ عسکری و سول حکام، شہدا کے اہل خانہ اور غازیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔














