وزیراعظم شہباز شریف کا امیرِ قطر سے ٹیلیفونک رابطہ، دوحا میں اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت

منگل 9 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر، شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔

وزیراعظم نے دوحہ میں اسرائیلی افواج کی جانب سے کی جانے والی غیرقانونی اور بہیمانہ بمباری کی شدید مذمت کی، جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع اور شہری املاک کو نقصان پہنچا۔

انہوں نے امیرِ قطر، شاہی خاندان اور عوام کے ساتھ گہری ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی قطر میں اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت، معصوم شہریوں کے تحفظ پر زور

وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل کا یہ حملہ اس کی قیادت کی خطرناک ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے جو اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔

انہوں نے اس جارحیت کو قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ یہ اقدام خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

وزیراعظم نے امیرِ قطر کو یقین دلایا کہ پاکستان اسرائیلی جارحیت کے خلاف قطر کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے اور اس نازک موقع پر امتِ مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا۔

مزید پڑھیں: دوحا میں اسرائیلی حملہ قطر کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے، انتونیو گوتریس

امیرِ قطر نے وزیراعظم کے ٹیلیفون اور مشکل وقت میں پاکستانی عوام و قیادت کی جانب سے یکجہتی کے اظہار پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ عمل پاکستان اور قطر کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے کے امن اور سلامتی کے لیے رابطے جاری رکھے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp