اسلام آباد میں غیر ملکی مہمان کی آمد، آج کونسی اہم شاہراہیں بند ہوں گی؟

بدھ 10 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے بدھ کو غیر ملکی مہمان کی آمد و رفت کے پیشِ نظر خصوصی ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے۔

اس دوران دارالحکومت کی مختلف شاہراہوں اور اہم مقامات پر غیر معمولی ٹریفک انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق صبح ساڑھے 10 بجے سے دوپہر ڈھائی بجے تک ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر رہے گی جس کے باعث شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن، 35 ہزار موٹرسائیکل سواروں کا چالان

اس دوران ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے سے متصل سروس روڈز کو ٹریفک کے لیے کھلا رکھا جائے گا تاکہ شہری کسی بڑی پریشانی کا شکار نہ ہوں۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ بلیو ایریا، سیکٹر ایف-6 اور ایف-7 کی جانب سفر کرنے والے افراد ایچ-8 انڈر پاس کا استعمال کریں جبکہ ریڈ زون اور سرینہ ہوٹل آنے جانے والے شہریوں کے لیے مارگلہ روڈ، جناح ایونیو، ایوب چوک اور نادرا چوک متبادل راستے فراہم کریں گے۔

اسی طرح بری امام جانے والے شہریوں کو بھی نادرا چوک استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیکٹر آئی اور ایچ جانے والے افراد کے لیے راولپنڈی پشاور روڈ اور آئی جے پی روڈ کے ذریعے سروس روڈز مختص کیے گئے ہیں۔ تاہم مری روڈ سے سرینہ اور فیض آباد کا راستہ براستہ راول ڈیم آمد و رفت کے دوران بند رہے گا۔

یہ بھی پڑھیے: لاہور میں ٹریفک مسائل سے نمٹنے کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا انقلابی فیصلہ

چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے کہا ہے کہ شہری سفر کے دوران کم از کم 20 منٹ کا اضافی وقت رکھ کر گھروں سے نکلیں تاکہ کسی بھی قسم کی سفری دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس شہریوں کی رہنمائی کے لیے مختلف مقامات پر تعینات رہے گی جبکہ کسی بھی پریشانی یا معلومات کے لیے شہری ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بھی شہریوں کو بروقت آگاہی فراہم کرنے کے لیے فعال رہیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp