اسپنر کلدیپ یادیو کی شاندار بولنگ اور اوپنر ابھیشیک شرما کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت بھارت نے مینز ٹی 20 ایشیا کپ 2025 کے دوسرے میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
یو اے ای کی پوری ٹیم صرف 57 رنز پر 13.1 اوورز میں آؤٹ ہوگئی، جس کے بعد بھارت نے 58 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 93 گیندیں باقی رہتے بآسانی حاصل کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ کا پاک بھارت میچ منسوخ کرنے کے لیے انڈین سپریم کورٹ میں درخواست دائر
ابھیشیک شرما نے محض 16 گیندوں پر 30 رنز بنائے، جن میں دو چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ ان کی شبھمن گل کے ساتھ 48 رنز کی اوپننگ شراکت داری بھارت کی کامیابی کی بنیاد بنی۔ گل 20 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کپتان سوریہ کمار یادیو نے 7 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی۔ یو اے ای کی جانب سے واحد وکٹ جنید صدیقی کو ملی۔
اس سے قبل بھارت کے کپتان سوریہ کمار یادیو نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو مؤثر ثابت ہوا۔ یو اے ای کے اوپنرز علیشان شرافو اور کپتان محمد وسیم نے تیز آغاز فراہم کرتے ہوئے 26 رنز جوڑے، مگر جسپریت بمراہ نے شرافو کو 22 رنز پر آؤٹ کرکے اننگز کا پانسہ پلٹ دیا۔ وسیم نے 19 رنز بنائے لیکن ان کے آؤٹ ہوتے ہی یو اے ای کی ٹیم تیز دباؤ میں آ گئی اور باقی کے چھ کھلاڑی محض 9 رنز کے اضافے پر پویلین لوٹ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ 2025: افغانستان نے ہانگ کانگ کو 94 رنز سے ہرادیا
کلدیپ یادیو بھارت کے سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے صرف 2.1 اوورز میں 7 رنز کے عوض 4 کھلاڑی آؤٹ کیے۔ شیوام دوبے نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اکشر پٹیل، ورن چکرورتی اور جسپریت بمراہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔














