امت کو اسرائیلی اشتعال انگیزیوں کے مقابلے میں اپنی صفوں میں اتحاد کی ضرورت ہے، وزیراعظم شہباز شریف

جمعرات 11 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا ہے کہ مشرق وسطی میں اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے امت مسلمہ کی صفوں میں اتحاد کی ضرورت ہے، پاکستان کی قیادت اور عوام کو برادر ملک قطر کے خلاف اسرائیلی حملے پر سخت تشویش ہے جو کہ بین الاقوامی قوانین کے منافی ہیں۔

وزیرِ اعظم کی دوحا میں قطری امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات ہوئی، جس میں وزیرِ اعظم نے دوحا پر بلاجواز اسرائیلی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کے صریح منافی حملے کے تناظر میں قطری امیر اور قطری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا.

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور قطر نے تیزی سے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

امیر قطر سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے 9 ستمبر کو دوحہ پر اسرائیلی حملے کی پاکستان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت اور عوام کو برادر ملک قطر کے خلاف اس حملے پر سخت تشویش ہے جو کہ بین الاقوامی قوانین کے منافی ہیں.

پاکستان اور قطر کے درمیان تاریخی، برادرانہ رشتوں کا اعادہ کرتے ہوئے، وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں، بھائی چارے کے اس جذبے کے تحت پاکستان اس مشکل وقت میں عزت مآب امیر قطر، شاہی خاندان اور قطر کے برادر عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہا ہے۔

انہوں نے قطری قیادت کو اس بلا جواز اشتعال انگیزی کے خلاف پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے اسرائیل کے اس وحشیانہ اور گھناؤنے حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کی ڈھٹائی سے جاری جارحیت کو روکنا ہوگا اور امت کو اسرائیلی اشتعال انگیزیوں کے مقابلے میں اپنی صفوں میں اتحاد کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے غزہ میں قیام امن کی کوششوں میں قطر کے ذمہ دارانہ و تعمیری ثالثی کے کردار کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ اسرائیلی جارحیت کی ایسی کارروائیوں کا مقصد واضح طور پر علاقائی استحکام کو نقصان پہنچانا اور جاری سفارتی اور انسانی کوششوں کو خطرہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قطر کی درخواست پر پاکستان نے مشرق وسطیٰ کی حالیہ پیش رفت پر بات کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے 15 ستمبر کو غیر معمولی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی میزبانی کے قطر کے فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان نے OIC کو اس سربراہی اجلاس کے شریک سپانسر اور شریک انعقاد کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعظم نے رواں سال کے آغاز میں ہندوستان کی پاکستان پر بلاجواز جارحیت کے دوران پاکستان کے لئے قطر کی بھرپور حمایت پر عزت مآب امیر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

قطر کے امیر نے اظہار یکجہتی کے لیے دوحہ کا دورہ کرنے کے پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن کو فروغ دینے، بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت میں قریبی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیرِ اعظم کے ہمراہ پاکستانی وفد میں شریک تھے۔

اس سے قبل وزیرِاعظم محمد شہباز شریف اتوار کے روز ایک روزہ دورے پر قطر کے دارالحکومت دوحا پہنچے جہاں دوحا ایئرپورٹ پر قطر کے نائب وزیراعظم و وزیرِ مملکت برائے دفاع عزت مآب شیخ سعود بن عبد الرحمن بن حسن الثانی نے ان کا استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیں:قطر پر حملہ: برطانوی وزیراعظم اور اسرائیلی صدر کے درمیان ملاقات ’جھڑپ‘ میں بدل گئی

یہ پیشرفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اسرائیل نے دوحہ میں حماس رہنماؤں پر فضائی حملہ کیا، جس کے نتیجے میں حماس کے 5 ارکان اور ایک قطری سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوئے۔

قطری قیادت کا دوٹوک اعلان

قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی نے حملے کو ’خطے کے لیے فیصلہ کن موڑ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قطر اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وحشیانہ اقدام خطے کو مشترکہ ردعمل پر مجبور کرتا ہے تاہم قطر جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ثالثی کی کوششیں جاری رکھے گا۔

قطری امیر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ قطر اپنی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے تمام اقدامات کرے گا۔

قطر کا عالمی اداروں سے رجوع

قطر نے سلامتی کونسل کو خط لکھ کر اسرائیلی کارروائی کو عالمی امن کے لیے تباہ کن قرار دیا۔

اقوام متحدہ میں قطر کی مستقل مندوب عالیہ احمد سعید آل ثانی نے حملے کو ’بزدلانہ اور مجرمانہ اقدام‘ کہا۔

قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے امریکی دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دوحہ کو حملے سے پہلے کسی قسم کی اطلاع نہیں دی گئی، بلکہ امریکی اہلکار کی کال دھماکوں کے دوران ملی۔

پاکستان کا سخت مؤقف

پاکستان نے اسرائیلی حملے کے بعد گزشتہ روز ہی الجزائر اور صومالیہ کے ساتھ مل کر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیلی اقدامات خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور عالمی برادری کو فوری طور پر کارروائی کرنی چاہیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر سے ٹیلی فونک گفتگو میں اسرائیلی بمباری کو ’غیرقانونی اور بہیمانہ‘ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے۔ انہوں نے امتِ مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا۔

برطانیہ اور مغرب کا ردعمل

برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے لندن میں اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ سے ملاقات کے دوران قطر پر حملے کو ’نامناسب‘ قرار دیا اور خبردار کیا کہ اس کے اثرات خطے میں جنگ بندی مذاکرات اور برطانیہ کی پالیسی پر بھی پڑیں گے۔

حماس کا الزام

حماس نے اسرائیلی حملے کو مذاکرات سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیا اور کہا کہ وزیراعظم نیتن یاہو جان بوجھ کر امن کی تمام کوششوں کو ناکام بنا رہے ہیں۔

حماس نے امریکا کو بھی اسرائیلی جارحیت میں شریک قرار دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ایشیا کپ 2025: سپر فور مرحلے کا شیڈول جاری، کون کس کے خلاف کھیلے گا؟

چمن میں دھماکا: 5 افراد جاں بحق، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی مذمت

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا کامیاب دورہ مکمل کرکے لندن پہنچ گئے

گوگل ڈاؤن: دنیا بھر میں جی میل، یوٹیوب، سرچ اور ڈرائیو متاثر

خواتین کے پیٹ کے گرد چربی کیوں بڑھتی ہے؟

ویڈیو

اسلام آباد میں اولمپئین ارشد ندیم کے نام سے شاہراہ منسوب کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا شگفتہ انٹرویو

سعودی عرب اور پاکستان کسی بھی جارح کیخلاف ہمیشہ ایک رہیں گے، سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان

کالم / تجزیہ

پاک سعودی دفاعی معاہدہ، لڑائیوں کا خیال بھی شاید اب نہ آئے

سعودی پاکستان دفاعی معاہدے کی عالمی میڈیا میں نمایاں کوریج

چارلی کرک کا قتل