بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 77ویں برسی کے موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ان کی بے مثال سیاسی قیادت، قومی خدمات اور نظریاتی رہنمائی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کے لیے قائداعظم کے نظریات مشعلِ راہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت رواداری اور باہمی احترام کے ماحول کو فروغ کے لیے پرعزم ہے، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم نے نامساعد حالات میں اپنی سیاسی بصیرت اور قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن حاصل کیا، جو آج اسلامی جمہوریہ پاکستان کی صورت میں دنیا کے نقشے پر موجود ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے مسلمانوں کے سیاسی، مذہبی، معاشی اور ثقافتی حقوق کے تحفظ کے لیے ایک آزاد ریاست کے قیام کی مخلصانہ جدوجہد کی، اللہ تعالیٰ نے ان کی قیادت میں اس جدوجہد کو بارآور کیا اور ہمیں پاکستان کی صورت میں ایک نظریاتی اسلامی ریاست کی نعمت سے نوازا۔
آج باباۓ قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی 77 ویں برسی پر ان کی بے مثال سیاسی قیادت اور بے لوث قومی رہنمائی پر پورا ملک انکو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔
قائد اعظم محمد علی جناح دنیا کی تاریخ کے وہ عظیم راہنما ہیں جنہوں نے انتہائی نامسائد حالات میں اپنی سیاسی بصیرت اور قائدانہ…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) September 11, 2025
وزیراعظم نے تقسیم ہند کے وقت درپیش چیلنجز جیسے کہ لاکھوں افراد کی نقل مکانی، وسائل کی کمی اور انتظامی دشواریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان مشکلات کے باوجود قائداعظم نے ایک مضبوط ریاست کی بنیاد رکھی اور قوم کو ترقی و خوشحالی کی راہ دکھائی۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے پاکستان کی بنیاد مسلمہ اصولوں پر رکھی، جن میں مذہبی آزادی، برابری، جمہوریت، انصاف اور اقلیتوں کے حقوق شامل ہیں، قائد کی سیاسی میراث ہی پاکستان کی ترقی، فلاح و بہبود اور خوشحالی کا راستہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یوم قائد اعظم پر ایرانی سفیر کا بانی پاکستان کو زبردست خراج تحسین
شہباز شریف نے قوم پر زور دیا کہ وہ قائداعظم کے نظریاتی اصولوں ایمان، اتحاد اور یقین محکم پر کاربند رہتے ہوئے ملک کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی اجتماعی کوششوں کو یقینی بنائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لانے کے لیے قوم کو قائداعظم کی تعلیمات کو اپنی آئندہ نسلوں تک پہنچانا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: قربانی سے تعمیر تک۔۔۔قائد کے پاکستان کی تلاش!!!
اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بانی پاکستان کے درجات بلند کرے اور قوم کو ان کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔