سبی میں منعقدہ ایک اہم گرینڈ جرگے میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ)، آئی جی پولیس بلوچستان، رکن قومی اسمبلی میاں خان بگٹی، صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری اور سبی ڈویژن کے قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔
جرگے کا مقصد بلوچستان کو درپیش چیلنجز کے حل، امن و استحکام کے قیام، ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اور مشترکہ حکمت عملی تشکیل دینا تھا۔
اس موقع پر قبائلی عمائدین نے مقامی مسائل اور تجاویز پیش کیں جنہیں حکومت اور سیکیورٹی اداروں نے ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
مزید پڑھیں: بلوچستان: لسبیلہ میں المناک ٹریفک حادثہ، 9 افراد جاں بحق
گورنر بلوچستان نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی تمام اسٹیک ہولڈرز کے باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے قبائلی روایات اور جرگہ سسٹم کو امن قائم رکھنے کا مؤثر ذریعہ قرار دیا اور کہا کہ حکومت عوام کے تعاون سے ترقی کے سفر کو آگے بڑھائے گی۔
کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز امن و استحکام کے ساتھ نوجوانوں کے لیے مثبت مواقع فراہم کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔
مزید پڑھیں: بلوچستان: موسلادھار بارشوں کے دوران 2 شہری جاں بحق، کوئٹہ سبی شاہراہ متاثر
جرگے کے دوران کوئٹہ ڈھاڈر (N-65) روڈ کی توسیع اور بہتری کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا گیا، جسے خطے کی معاشی اور سماجی ترقی کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا گیا۔
جرگے کے اختتام پر تمام شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بلوچستان کی پائیدار خوشحالی کے لیے حکومت، سیکیورٹی اداروں اور قبائلی عمائدین کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔
قبائلی عمائدین نے عہد کیا کہ وہ تنازعات کے حل، سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ میں اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔













