ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے اپنے ملٹی لینگویج آڈیو فیچر کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت اب دنیا بھر کے لاکھوں کنٹینٹ کری ایٹرز اپنی ویڈیوز میں مختلف زبانوں میں ڈبنگ شامل کرسکیں گے۔
یہ فیچر 2023 میں پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا اور ابتدائی طور پر صرف چند تخلیق کاروں، جیسے مشہور یوٹیوبر مسٹر بیسٹ، مارک روبر اور شیف جیمی اولیور، تک محدود تھا۔
یہ بھی پڑھیں: یوٹیوب کے نئے فیچر ’جیولز‘ سے من چاہے پیسے کمائیں
اس سے قبل یوٹیوبرز کو تھرڈ پارٹی ڈبنگ سروسز کا سہارا لینا پڑتا تھا، تاہم اب گوگل کے جدید جیمنی ٹیکنالوجی سے چلنے والے اے آئی ڈبنگ ٹول کے ذریعے تخلیق کار اپنی ہی آواز اور انداز میں دیگر زبانوں میں ڈبنگ کرسکتے ہیں۔
یوٹیوب کے مطابق فیچر کے ابتدائی استعمال کنندگان کو غیر معمولی کامیابی ملی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سہولت کو اپنانے والے تخلیق کاروں کی ویڈیوز میں 25 فیصد واچ ٹائم اُن زبانوں سے آنے لگا جو ویڈیو کی بنیادی زبان نہیں تھیں۔ مثال کے طور پر جیمی اولیور کی ویڈیوز کی ناظرین کی تعداد ڈبنگ فیچر کے بعد تین گنا بڑھ گئی۔
یہ بھی پڑھیں: یوٹیوب پر مختصر ویڈیوز بنانے والوں کے لیے نئے زبردست فیچرز کا اعلان
یوٹیوب نے رواں سال جون سے ملٹی لینگویج تھمب نیل کا تجربہ بھی شروع کیا، جس کے ذریعے تخلیق کار اپنی ویڈیوز کے تھمب نیل مختلف زبانوں کے متن کے ساتھ کسٹمائز کرسکتے ہیں تاکہ عالمی ناظرین کو اپنی زبان میں مواد سمجھنے میں آسانی ہو۔
کمپنی کے مطابق یہ اقدامات یوٹیوب کے اس وژن کا حصہ ہیں جس کے تحت تخلیق کاروں کو بین الاقوامی سطح پر وسیع تر ناظرین تک رسائی دی جا سکے۔ جلد ہی اس فیچر کو وسیع پیمانے پر تمام صارفین کے لیے دستیاب کر دیا جائے گا۔