پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے قوم سے اپیل کی ہے کہ پیر کے روز سپریم کورٹ کے باہر پُر امن احتجاج میں شرکت کی جائے۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ اور ہائی کورٹ کے ججوں نےا یک مجرم کو تحفظ دیا ہے۔ اب ہم نے اس بگاڑ کو سیدھا کرنا ہے۔
پوری قوم پیر کے روز سپریم کورٹ کے باہر پرامن احتجاج میں شرکت کے لئے پہنچیں، صبح نو بجے تمام قافلے پہنچ جائیں تاکہ قومی یکجہتی قائم کی جائے،تین رکنی بینچ اور ہائی کورٹ کے ججوں نے ایک مجرم کو تحفظ دیا ہے۔ہم نے اپنے اداروں کا تحفظ کرنا ہے اور ججز کے بگاڑ کو سیدھا کرنا ہے۔
ججز… pic.twitter.com/pzrLYyPt9K
— Maulana Fazl-ur-Rehman (@MoulanaOfficial) May 13, 2023
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اداروں کا تحفظ کریں گے۔ پاکستانی عوام کے ٹیکسوں سے تنخواہ لینے والے ججز آئین، قانون اور عدالتی روایات کو پامال کر رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا عمران خان کے حوالے سے کہنا تھا کہ یکطرفہ طور پر ایک مجرم کو تحفظ اور پروٹوکول دیا جا رہا ہے۔ مجرم کو شہ دی جا رہی ہے کہ وہ جرائم کرتا رہے اور ہمارے ملک کی معیشت کو مزید تباہ کرے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ آج ہمیں ایک بار پھر میدان میں آنے کی ضرورت پڑی ہے اس لیے عوام اور ہمارے کارکنان پیر کی صبح شاہراہ دستور پر احتجاج میں شرکت کے لیے پہنچیں۔
انہوں نے انصار الاسلام کے رضا کاروں سے بھی کہا کہ وہ نظم کو بر قرار رکھنے کے لیے شاہراہ دستور پر پہنچیں۔ وکلا برادری کو بھی قانون کے تحفظ کے لیے احتجاج میں شریک ہونا پڑے گا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنان اس احتجاج کو قومی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم شاہراہ دستور پر اکٹھے ہو کر یہ پیغام دیں گے کہ عدالت اپنے اس رویے سے باز آ جائے۔