امریکی ریپبلکن سینیٹر بل ہیگرٹی نے ایک حیران کن دعویٰ کیا ہے کہ چین نے بھارت کے ساتھ سرحدی کشیدگی کے دوران بھارتی فوجیوں کے خلاف برقی مقناطیسی ہتھیار استعمال کیے جن سے فوجی پگھل گئے۔
یہ بھی پڑھیں: چین اور بھارت ایک دوسرے کو حریف نہیں، شراکت دار سمجھیں، چینی وزیر خارجہ
ڈی ڈبلیو کی رپورٹ کے مطابق سینیٹر کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ تقریباً 5 سال قبل ایک سرحدی تصادم کے دوران پیش آیا تھا۔
اگرچہ انہوں نے گلوان وادی یا مشرقی لداخ کا براہ راست ذکر نہیں کیا تاہم قرائن بتاتے ہیں کہ ان کا اشارہ سنہ 2020 کے معروف گلوان تصادم کی طرف تھا جہاں جھڑپ میں بھارت کے 20 فوجی ہلاک ہوئے تھے۔
سینیٹر کا بیان سوشل میڈیا پر وائرل
بل ہیگرٹی کا یہ بیان ایک ویڈیو کی شکل میں سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے جسے بھارتی میڈیا نے بھی نمایاں طور پر نشر کیا ہے۔ ویڈیو میں سینیٹر کہتے ہیں کہ چین اور بھارت کے درمیان ایک طویل عدم اعتماد کی تاریخ ہے۔
مزید پڑھیے: چینی فوج کی تاریخی پریڈ، نریندر مودی شرکت سے کیوں محروم ہوئے؟
انہوں نے کہا کہ تقریباً 5 سال قبل دونوں ممالک ایک متنازعہ سرحد پر نبرد آزما تھے اور چین نے بھارتی فوجیوں کو حقیقتاً پگھلانے کے لیے برقی مقناطیسی ہتھیار استعمال کیے۔
چین بھارت تعلقات اور امریکی ٹیرف
امریکی سینیٹر کے اس دعوے کو اس تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے کہ امریکی ٹیرف پالیسیوں کے باعث بھارت چین سے تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ حال ہی میں امریکا نے بھارت پر درآمدی محصولات میں اضافہ کیا اور روسی تیل کی خریداری پر 25 فیصد اضافی جرمانہ بھی عائد کیا۔
اسی دوران بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نےایس سی او سربراہی اجلاس میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی اور اس ملاقات کے کچھ ہی دن بعد یہ بیان سامنے آیا ہے۔
گلوان وادی کی جھڑپ: اب تک کی تفصیلات
سنہ 2020 میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر بھارت اور چین کے درمیان کئی دہائیوں کی بدترین کشیدگی دیکھنے میں آئی۔
جون میں گلوان وادی میں دونوں ملکوں کی فوجیں تقریباً 7 گھنٹے تک دست بدست لڑائی میں مصروف رہیں، جس میں فائرنگ نہیں ہوئی۔ اس جھڑپ میں بھارت کے 20 فوجی ہلاک ہوئے جبکہ چین نے بھی بعد میں چند ہلاکتوں کی تصدیق کی۔
مزید پڑھیں: بھارتی فالس فلیگ کا نیا ایڈیشن، پاکستان مخالف پروپیگنڈا پھر بے نقاب
بھارتی میڈیا کے مطابق جھڑپ میں لاٹھیاں، کیل دار ڈنڈے اور خاردار تاریں استعمال ہوئیں تاہم کسی بھی فریق نے آتشیں ہتھیار کے استعمال کا اعتراف نہیں کیا۔
چین کی جانب سے کوئی ردعمل نہیں آیا
اب تک چین نے امریکی سینیٹر کے اس بیان پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ یہ دعویٰ کسی امریکی اعلیٰ سطحی رہنما کی طرف سے پہلا موقع ہے جب گلوان جھڑپ میں برقی مقناطیسی ہتھیار کے استعمال کا ذکر کیا گیا ہے۔