پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن رکن فرخ جاوید مون نے سماجی ویب سائٹ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کے لیے قرارداد جمع کرا دی۔
یہ بھی پڑھیں:متنازعہ پرینک ویڈیو بنانے پر معروف ٹک ٹاکر کو پابندی کا سامنا
قرارداد کے متن کے مطابق پاکستان میں اس وقت ٹک ٹاک مافیا لائیو چیٹ کے ذریعے فحاشی اور عریانی کو فروغ دے رہا ہے، جس کے باعث نوجوان نسل، خصوصاً بچے، بے حیائی کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔

متن میں کہا گیا کہ نوجوان لڑکے اور لڑکیاں نہ صرف آپس میں فحش گفتگو کرتے ہیں بلکہ ایک دوسرے کو غیر اخلاقی حرکات پر بھی اکساتے ہیں، جو ہمارے اسلامی معاشرتی اقدار کے لیے ناقابل برداشت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:البانیہ میں ٹک ٹاک پر ایک سال کے لیے پابندی عائد
فرخ جاوید مون کے مطابق، نوجوان محض سستی شہرت اور پیسے کی خاطر بڑی تعداد میں ٹک ٹاک کا رخ کر رہے ہیں، جس سے معاشرے میں منفی رجحانات کو تقویت مل رہی ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت فوری طور پر ٹک ٹاک اور اس کی لائو چیٹ پر پابندی عائد کرے تاکہ نوجوان نسل کو تباہی اور بے راہ روی سے بچایا جا سکے۔