البانیہ میں کابینہ نے ٹک ٹاک پر ایک سال کے لیے پابندی عائد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق البانیہ کی کابینہ نے 12 ماہ کے لیے ٹک ٹاک کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، البانوی حکومت کا کہنا ہے کہ ویڈیو شیئرنگ کے مقبول پلیٹ فارم خاص طور پر بچوں میں تشدد اور غنڈہ گردی کو فروغ دے رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر باپ نے 15 سالہ بیٹی کو قتل کردیا
وزیرتعلیم اوگرٹا مناسٹیرلیونے کہا کہ حکام والدین کے کنٹرول، عمر کی تصدیق اور درخواست میں البانوی زبان کو شامل کرنے جیسے فلٹرز لگانے کے لیے ٹک ٹاک کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
وزیر نے کہا کہ حکام نے تقریباً 65 ہزار والدین کے ساتھ 1 ہزار 300 ملاقاتیں کیں جنہوں نے ٹک ٹاک پلیٹ فارم کو بند کرنے یا محدود کرنے کی سفارش کی۔
کابینہ نے یہ کارروائی پچھلے سال اس وقت شروع کی جب نومبر میں ٹک ٹاک پر شروع ہونے والے ایک جھگڑے کے بعد ایک نوجوان نے دوسرے نوجوان کو چاقو مار کر ہلاک کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی کانگریس نے ٹک ٹاک پر پابندی کا بل منظور کرلیا
گزشتہ سال دسمبر میں البانوی وزیراعظم ایڈی راما نے کہا تھا کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو بند کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔