جناح ہاؤس کے بعد جی ایچ کیو راولپنڈی پر حملے میں ملوث بیشتر شرپسندوں کی شناخت بھی ہوگئی

اتوار 14 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جناح ہاؤس کے بعد جی ایچ کیو راولپنڈی پر حملے میں ملوث بیشتر شر پسندوں کی شناخت بھی ہوگئی ہے۔ جی ایچ کیو راولپنڈی پر حملے اور پُرتشدد کارروائیوں میں ملوث شر پسندوں کی شناخت اور گرفتاریوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، ان میں سے بیشتر کی شناخت ہو گئی ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق شناخت شدہ شر پسند ملزمان میں افشاں کامران سکنہ راولپنڈی، فاطمہ احسان سکنہ راولپنڈی، شبانہ فیاض سکنہ راولپنڈی، عابد ملک سکنہ اسلام آباد، عاصم خورشید سکنہ کراچی، زاہد علی شاہ گیلانی سکنہ راولپنڈی، خان کاشف خان سکنہ راولپنڈی، منیزا احمد سکنہ چکوال، جہانگیر احمد سکنہ اسلام آباد، محمد عثمان قریشی سکنہ راولپنڈی، ابو بکر احمد سکنہ اسلام آباد، پیرزادہ شہباز ناصر سکنہ راولپنڈی، انصر جاوید سکنہ مری اور حماد خان سکنہ راولپنڈی شامل ہیں۔

حکومتی، عسکری اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے اور دنگا فسادات کرنے والوں پر قانون کا گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ چھاپہ مار ٹیمیں ملزمان کی گرفتاری کے لیے دن رات سرگرمِ عمل ہیں۔

جناح ہاؤس پر حملہ: شناخت کیے گئے شرپسندوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج کئے جائیں گے

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جناح ہاؤس لاہور اور دیگر فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے بیشتر شر پسندوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ مزید شر پسندوں کی شناخت کا سلسلہ جاری ہے۔

اب تک شناخت کیے جا چکے شرپسندوں میں دانش منیر سکنہ لاہور، سعود سکنہ لاہور، عدنان اشرف سکنہ لاہور، فاروق زمان سکنہ راولپنڈی، علی حسن عباس سکنہ لاہور، چوہدری مسعود معراج سکنہ لاہور، محمد تیمور جعفر سکنہ لودھراں، علی افتخار سکنہ لاہور، عامر حمزہ سکنہ پاک پتن، وقاص پرویز سکنہ لاہور، سجاد سعید سکنہ ملتان، یوسف گلزار سکنہ لاہور، محمد ارسلان سکنہ لاہور اور علی رضا سکنہ اوکاڑہ شامل ہیں۔ مزید شر پسندوں کی شناخت کا سلسلہ جاری ہے۔ شر پسندوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا تھا شر پسندوں کے خلاف مقدمات انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلائے جائیں گے۔

’جناح ہاؤس‘ پر حملے میں ملوث ’شرپسندوں‘ کو 72 گھنٹے میں گرفتار کیا جائے: وزیراعظم

وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ’جناح ہاؤس‘ لاہور پر حملے میں ملوث’ شرپسندوں‘ کی گرفتاری کے لیے 72 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیا تھا۔

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے ’جناح ہاؤس‘ لاہور اور سیف سٹی اتھارٹی کے دورے کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ’دہشت گردی کے واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی، ’دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، قانون آہنی ہاتھوں سے ان لوگوں کو اپنی گرفت میں لےگا‘۔

’جناح ہاؤس‘ جلانے والوں کی تصاویر جاری، شناخت پر 2 لاکھ روپے انعام کا اعلان

محکمہ داخلہ پنجاب نے ’جناح ہاؤس‘ جلانے میں ملوث افراد کی تصاویر جاری کر دیں، ملوث افراد کی شناخت کرنے والوں کے لیے 2 لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

ذرائع ابلاغ پر جاری اشتہارات میں شہریوں سے اپیل کی گئی تھی کہ جناح ہاؤس جلانے میں ملوث افراد کی نشاندہی کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کریں، شناخت کرانے والے فرد کا نام صیغہ راز میں رکھا جائےگا۔

 جی ایچ کیو پر حملہ کی تحقیقات کے لیے ٹیم تشکیل دیدی گئی

پولیس نے ’جی ایچ کیو‘ کا گیٹ توڑنے اور توڑ پھوڑ کرنے کی تحقیقات کے لیے خصوصی انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی تھی۔’انویسٹی گیشن سپورٹ یونٹ‘ کی سربراہ ایس ایس پی ’انویسٹی گیشن‘ زنیرہ اظفر ہیں۔ یونٹ میں ’ایس ڈی پی او‘ کینٹ، ’ایس ڈی پی او‘ سٹی اور 3 ایس ایچ اوز شامل ہیں۔ ’جی ایچ کیو‘ پر حملے اور توڑ پھوڑ کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج کیا گیا تھا جس میں سابق صوبائی وزیر راجا بشارت سمیت 15 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp