وزیراعظم محمد شہباز شریف 15 ستمبر 2025 کو دوحہ میں ہونے والے ہنگامی عرب۔اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے قطر کا دورہ کریں گے۔
یہ اجلاس پاکستان کی شراکت داری سے طلب کیا گیا ہے جس کا مقصد دوحہ پر گزشتہ دنوں اسرائیلی فضائی حملوں اور فلسطین کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں مشاورت کرنا ہے۔ اجلاس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے سربراہانِ مملکت، حکومتوں اور اعلیٰ حکام کی شرکت متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیے: اسرائیل کے قطر پر حملے پر عرب وزرائے خارجہ کا اجلاس، وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی شرکت
سربراہی اجلاس سے قبل وزرائے خارجہ کی تیاری اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار پہنچ چکے ہیں۔
پاکستان، قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرچکا ہے۔
قطر کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر وزیراعظم شہباز شریف 11 ستمبر کو دوحہ کا خصوصی دورہ بھی کرچکے ہیں جہاں انہوں نے قطری قیادت سے ملاقات میں قطر کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔