دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ترک وزیرِ خارجہ حکان فدان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے قطر اور خطے کے دیگر ممالک پر اسرائیل کے بلااشتعال اور غیر منصفانہ حملوں کی شدید مذمت کی جو فلسطین میں جاری جارحیت کے تناظر میں کیے گئے ہیں۔
انہوں نے فلسطینی عوام کی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے زور دیا کہ مسلم اُمہ کو متحرک کرنے کے لیے او آئی سی اور عرب لیگ کا کردار نہایت اہم ہے۔
یہ بھی پڑھیے: قطر میں ہنگامی عرب۔اسلامی سربراہی اجلاس، وزیراعظم شہباز شریف آج دوحہ پہنچیں گے
اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے عرب-اسلامی سربراہی اجلاس کے انعقاد کا خیرمقدم بھی کیا۔
واضح رہے کہ دوحہ میں حماس قیادت پر اسرائیلی حملے کے خلاف قطر میں عرب۔اسلامی سربراہی اجلاس آج منعقد ہورہا ہے۔
سربراہی اجلاس سے قبل وزرائے خارجہ کی تیاری اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار دوحہ میں موجود ہیں جبکہ وزیراعظم شہباز شریف بھی آج قطر روانہ ہوگئے ہیں۔













