عرب اسلامی اجلاس: مسلم ممالک نے قطر کو اسرائیل کے خلاف جوابی اقدامات کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرادی

پیر 15 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دوحہ میں ہونے والے عرب اور اسلامی ممالک کے ہنگامی سربراہی اجلاس میں سربراہان نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا اور خبردار کیاکہ دوحہ پر اسرائیلی حملہ خطے اور عالمی سطح پر امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے اس اجلاس میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی دعوت پر عرب اور اسلامی دنیا کے سربراہان نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی برادری دہرا معیار ترک کرکے اسرائیل کو اس کے جرائم پر سزا دے، قطری وزیراعظم

اجلاس کے اختتامی اعلامیے میں سربراہان نے 9 ستمبر کو دوحہ کے ایک رہائشی علاقے پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، جس میں ایک قطری شہری جاں بحق اور متعدد شہری زخمی ہوئے۔

اعلامیے میں اس واقعے کو ظالمانہ جارحیت اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔

سربراہان نے اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ اس نے غزہ کی جنگ ختم کرنے اور قیدیوں کے تبادلے کے ثالث قطر کے کردار کو جان بوجھ کر نقصان پہنچایا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ ہم قطر کے ساتھ اس جارحیت کے خلاف مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں، جو تمام عرب اور اسلامی ریاستوں کے خلاف بھی جارحیت ہے۔ اس کے ساتھ یہ بھی کہا گیا کہ رکن ممالک قطر کے کسی بھی اقدام کی حمایت کریں گے جو وہ اس حملے کے جواب میں اٹھا سکتا ہے۔

سربراہان نے خبردار کیاکہ ماضی میں اسرائیل کی کارروائیوں پر کسی قسم کی ذمہ داری نہ لینے کی وجہ سے وہ مزید بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے کے لیے پرعزم ہے، جو عالمی نظام اور امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

اعلامیے میں اسرائیلی آبادکاری کی توسیع، فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی اور بھوک کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی شدید مذمت کی گئی اور ان اقدامات کو انسانیت کے خلاف جرائم اور جنگی جرائم قرار دیا گیا۔

سربراہان نے زور دیا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار اور جامع امن فلسطینی مسئلے کے حل کے بغیر حاصل نہیں کیا جا سکتا اور بین الاقوامی برادری، خصوصاً اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی قبضے کو ختم کرنے اور ایک واضح ٹائم لائن کے تحت فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں ادا کرے۔

اعلامیے میں اقوام متحدہ کے رکن ممالک سے اسرائیل کے خلاف قانونی اور سفارتی اقدامات، بشمول پابندیاں، ہتھیاروں کی فراہمی معطل کرنا اور قانونی کارروائی کرنے کی اپیل کی گئی۔

اعلامیے میں عرب اور اسلامی ممالک کے درمیان اجتماعی سلامتی کے اصول پر زور دیا گیا اور عرب امن اقدام کی پاسداری کی یقین دہانی کرائی گئی۔

اجلاس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ممالک، خصوصاً الجزائر، سومالیہ اور پاکستان کے کردار کو فلسطینی مسئلے کی حمایت، غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خاتمے اور فلسطین کی مکمل رکنیت حاصل کرنے میں قابلِ تعریف قرار دیا گیا۔

سربراہان نے قطر کی میزبانی اور ثالثی، انسانی ہمدردی اور سفارتی کوششوں پر گہری تعریف کا اظہار بھی کیا۔

عرب لیگ کا قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان

دوسری جانب عرب لیگ نے اسرائیلی حملے کے بعد قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے ’مشترکہ سلامتی و تعاون کا وژن‘ بھی منظور کر لیا۔

اعلامیے میں مسلم ممالک پر زور دیا گیا کہ وہ اجتماعی خطرات کا مقابلہ متحد ہو کر کریں، ریاستوں کی خودمختاری کا احترام کریں اور ان کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے گریز کریں۔

قبل ازیں دوحہ میں ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے دوران مسلم ممالک کے رہنماؤں نے کہا کہ اسرائیل نے تمام حدود عبور کر لی ہیں، اور اسے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرانا لازم ہے۔

اجلاس میں زور دیا گیا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے فلسطین کے مسئلے کا حل ناگزیر ہے اور صہیونی جارحیت کو روکنے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

’گریٹر اسرائیل‘ کا منصوبہ عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ بنتا جارہا ہے: امیر قطر

امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یرغمالیوں کی پرامن رہائی کے حوالے سے اسرائیل کے تمام دعوے حقیقت کے برعکس ہیں، جبکہ ’گریٹر اسرائیل‘ کا منصوبہ عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ بنتا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسرائیل فلسطینی عوام کے خلاف نسلی صفائی میں ملوث ہے اور انسانیت دشمن جرائم کی تمام حدیں عبور کر چکا ہے۔

امیر قطر نے دوحہ میں اسرائیلی حملے کو کھلی جارحیت اور قطر کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ قطر نے ثالث کی حیثیت سے خطے میں امن کے قیام کے لیے سنجیدہ اور خلوص پر مبنی کوششیں کیں، تاہم اسرائیل نے مذاکراتی عمل سبوتاژ کر کے حماس کی قیادت کو نشانہ بنایا۔

عرب اور اسلامی ممالک اسرائیل کے خلاف مضبوط فیصلے کریں، سیکریٹری جنرل او آئی سی

اس موقع پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نے اسرائیلی حملے کے بعد قطر کے ساتھ رکن ممالک کی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ اجلاس اسرائیلی جارحیت کے خلاف متحد اور مضبوط مؤقف اپنانے کا بہترین موقع ہے۔ ہم ریاستِ قطر پر ہونے والے اس کھلے حملے اور اس کی علاقائی خودمختاری کی خلاف ورزی کی سخت مذمت کرتے ہیں۔

او آئی سی کے سربراہ نے مطالبہ کیاکہ عرب اور اسلامی ممالک اسرائیل کے خلاف مضبوط فیصلے کریں اور عالمی برادری خصوصاً اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے اسرائیل کو اس کے جرائم پر جوابدہ بنائے۔

اسرائیل کو جنگی جرائم پر جوابدہ ٹھہرایا جائے، وزیراعظم شہباز شریف نے عرب اسلامی ٹاسک فورس کی تجویز دیدی

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان قطر پر اسرائیلی حملے کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔ اس وقت غزہ میں انسانیت سسک رہی ہے، عالمی برادری اسرائیل کو جنگی جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے۔

وزیراعظم نے کہاکہ اسرائیل نے قطر کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی کی ہے اور اس جارحیت سے مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کی کوششوں کو بے حد نقصان پہنچا ہے۔

شہباز شریف نے کہاکہ عالمی قوانین کی کھلے عام پامالی ناقابلِ قبول ہے اور اسے برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

وزیراعظم نے زور دے کر کہاکہ غزہ میں انسانیت سسک رہی ہے، وہاں طبی عملے اور امدادی رسائی فوری طور پر ممکن بنائی جائے تاکہ بے گناہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر غزہ میں جنگ بندی کروائے۔

اسرائیل کو کھلی جارحیت اور مجرمانہ اقدامات پر کوئی رعایت نہیں دی جا سکتی: ترک صدر

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ عالمی امن کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔

دوحہ میں منعقدہ عرب و اسلامی ہنگامی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ غزہ میں بے گناہ فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کو کھلی جارحیت اور مجرمانہ اقدامات پر کوئی رعایت نہیں دی جا سکتی: ترک صدر

انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل کے بڑھتے ہوئے حملے پورے خطے کی سلامتی کو متاثر کر رہے ہیں، اگر اس کی ہٹ دھرمی کو نہ روکا گیا تو نہ صرف غزہ بلکہ دنیا بھر کا امن داؤ پر لگ جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پرامن مظاہرین کیخلاف کارروائی نہ کریں، ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی سیکیورٹی فورسز کو ہدایت

امریکا کی بحر اطلس میں کارروائی، وینزویلا سے منسلک 2 روسی تیل بردار جہازوں پر قبضہ

چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے خصوصی سیکیورٹی یونٹ قائم کیا جارہا ہے، محسن نقوی

کترینہ کیف اور وکی کوشل نے اپنے بیٹے کا نام مداحوں کے ساتھ شیئر کردیا

تجارتی خسارے میں کمی کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جائے، وزیراعظم کی برآمدات بڑھانے کے لیے اقدامات کی ہدایت

ویڈیو

خیبرپختونخوا میں گورنر راج، کیا سہیل آفریدی کی چھٹی کا فیصلہ ہوگیا؟

تبدیلی ایک دو روز کے دھرنے سے نہیں آتی، ہر گلی محلے میں عوام کو متحرک کریں گے، سلمان اکرم راجا

کراچی میں منفرد  ڈاگ شو کا انعقاد

کالم / تجزیہ

امریکا تیل نہیں ایران اور چین کے پیچھے وینزویلا پہنچا

وینزویلا کی’فتح‘ کے بعد، دنیا کا نقشہ کیا بنے گا؟

منو بھائی کیوں یاد آئے؟