اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ون وے کی خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
ترجمان کے مطابق اب تک 249 مقدمات درج جبکہ 743 گاڑیاں اور موٹر سائیکل مختلف تھانوں میں بند کی جا چکی ہیں۔
پیر کے روز بھی کریک ڈاؤن کے دوران 66 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے جبکہ 141 گاڑیاں اور موٹر سائیکل تھانوں میں بند کر دی گئیں۔
یہ بھی پڑھیے: رانگ وے ڈرائیونگ کو جرم سمجھا جائے گا، اسلام آباد پولیس نے بڑے کریک ڈاؤن کا اعلان کردیا
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں کا کہنا ہے کہ ون وے کی خلاف ورزی نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جان کو بھی خطرے میں ڈالتی ہے، اسی لیے اس کی روک تھام کے لیے سوشل میڈیا پر آگاہی مہم بھی جاری ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس جان لیوا ٹریفک وائلیشن سے اجتناب کریں۔ سی ٹی او نے مزید کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران ہر وقت سڑکوں پر موجود ہیں اور یہ کارروائیاں بلا تفریق جاری رہیں گی۔













