لاہور میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ ویمنز نے پاکستان کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے۔ اوپنر سدرہ امین نے شاندار ناقابلِ شکست 121 رنز اسکور کیے، جبکہ مونیبہ علی نے 76 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بیٹرز میں علیا ریاض نے 33 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے آیابونگا کھاکا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی بیٹرز نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ اگرچہ کپتان لورا وولوارٹ محض 4 رنز پر آؤٹ ہو گئیں، لیکن تزمان بریٹز اور ماریزانے کیپ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلائی۔
مزید پڑھیں: پہلا ایک روزہ: پاکستان کا جنوبی افریقہ کو 256 رنز کا ہدف، سدرا امین کی ناقابل شکست سینچری
تزمان بریٹز نے ناقابلِ شکست 101 رنز بنائے جبکہ ماریزانے کیپ نے 128 گیندوں پر 121 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو 48.2 اوورز میں ہدف تک پہنچا دیا۔
ماریزانے کیپ کو ان کی شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ ویمنز نے 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔
Pakistan Women's playing XI for the 1st ODI against South Africa Women 🏏
Watch Live Match ➡️https://t.co/L5pAFJvSwi
Free entry for spectators at Gaddafi Stadium, Lahore 🏟️#PAKWvSAW | #BackOurGirls pic.twitter.com/LK3Qj9FaNY
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) September 16, 2025
پاکستان کی 15 رکنی اسکواڈ کی قیادت فاطمہ ثناء کر رہی ہیں جبکہ مہمان ٹیم کی قیادت لورا وولفارڈ کے سپرد ہے۔ اسکواڈ میں ایک نئی کھلاڑی ایمان فاطمہ بھی شامل ہیں جنہوں نے حال ہی میں آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کیا تھا۔
یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے 30 ستمبر سے 2 نومبر تک بھارت اور سری لنکا میں شیڈول 8 ٹیموں پر مشتمل ویمنز ورلڈ کپ کے لیے اپنی حکمت عملی کو حتمی شکل دینے کا اہم موقع ہے۔
مزید پڑھیے: پاکستان ویمنز ٹیم نے تھائی لینڈ کوشکست دے کر آئی سی سی ورلڈ کپ 2025 کے لیے کوالیفائی کرلیا
ون ڈے کرکٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 28 مقابلے ہوچکے ہیں جن میں جنوبی افریقہ کو برتری حاصل ہے۔ تاہم گزشتہ مرتبہ جب دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آئیں تو پاکستان نے 14 ستمبر 2023 کو کراچی میں ہونے والے میچ میں جنوبی افریقہ کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔