ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کے دوران ہونے والے تنازع پر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے معذرت کرلی، جس کے بعد اب پاکستان اور یو اے ای کے درمیان میچ ساڑھے 8 بجے شروع ہوگا۔
میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اورمنیجر سے معافی مانگی، اب آئی سی سی پاک بھارت میچ میں بے ضابطگیوں کی انکوائری کرائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ تنازع: پاکستان کے میچز سے ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹائے جانے کا امکان
میڈیا رپورٹس کے مطابق میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے 14 ستمبر کے واقعے کو مس کمیونیکیشن کا نتیجہ قرار دے کر معذرت کی۔
پاکستان اور یو اے ای کے درمیان آج دبئی اسٹیڈیم میں مقابلہ طے تھا، جو پاکستانی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے شروع ہونا تھا۔ تاہم ریفری اینڈی پائی کرافٹ سے متعلق تنازعے کے باعث میچ کو ایک گھنٹے کے لیے مؤخر کر دیا گیا، اور اب یہ میچ رات 8:30 بجے شروع ہوگا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو اسٹیڈیم روانہ ہونے کی ہدایت دے دی گئی ہے، جس کے بعد کھلاڑی اسٹیڈیم میں پہنچ چکے ہیں۔
We have asked the Pakistan team to depart for the Dubai Cricket Stadium. Further details to follow
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) September 17, 2025
ترجمان پی سی بی عامر میر نے قبل ازیں بتایا تھا کہ معاملات پر بات چیت جاری ہے اور میچ کا وقت ایک گھنٹے کے لیے آگے بڑھایا گیا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ محسن نقوی، نجم سیٹھی اور رمیز راجہ کے ساتھ مشاورت میں مصروف ہیں، اور جیسے ہی کوئی بڑی پیش رفت ہوگی، چیئرمین خود سب کو آگاہ کریں گے۔
اس سے قبل ٹیم کو ہوٹل سے باہر نکلنے سے روک دیا گیا تھا اور کھلاڑیوں کو اپنے کمروں میں رہنے کی ہدایت دی گئی تھی، کیونکہ خدشہ تھا کہ اگر آئی سی سی ریفری تبدیلی پر آمادہ نہ ہوا تو پاکستان میچ سے دستبردار ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب اتوار کے روز پاک بھارت میچ میں ٹاس کے دوران میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کپتان سلمان آغا سے ہاتھ ملانے سے منع کیا، اور ساتھ ہی پاکستانی میڈیا منیجر کو یہ ہدایت دی کہ یہ واقعہ ریکارڈ نہ کیا جائے۔
میچ کے بعد پاکستان ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل سے اس رویے پر احتجاج کیا، جس پر رسل نے دعویٰ کیا کہ انہیں یہ ہدایات بھارتی کرکٹ بورڈ اور درحقیقت بھارتی حکومت کی جانب سے ملی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ میں ہاتھ نہ ملانے کا تنازعہ، اس حوالے سے کرکٹ قوانین کیا ہیں؟
اسی رویے کے خلاف احتجاجاً پاکستان نے ریفری کی تبدیلی کا مطالبہ کیا تھا، اور واضح کیا تھا کہ اگر اینڈی پائی کرافٹ کو نہ ہٹایا گیا تو ٹیم ایشیا کپ کے بقیہ میچز میں شرکت نہیں کرے گی۔