اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز آج دستیاب نہیں، نتیجتاً آج متعدد اہم مقدمات کی سماعت نہیں ہوسکے گی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز آج کیسوں کی سماعت کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ عدالت کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق جسٹس ثمن رفعت امتیاز کی عدالت کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی ہے۔ جسٹس بابر ستار اور جسٹس اعجاز اسحاق خان پر مشتمل ڈویژن بینچ، جو ٹیکس سے متعلق کیسز کی سماعت کے لیے مقرر تھا، بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر پہلے ہی 16 ستمبر سے 19 ستمبر تک رخصت پر ہیں۔ جبکہ جسٹس خادم حسین سومرو بھی 16 سے 19 ستمبر تک رخصت پر ہیں۔
اس طرح آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں کئی اہم مقدمات کی سماعت نہیں ہو سکے گی۔














