بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریہ کمار یادو نے بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا ہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف میچ سے قبل کھلاڑیوں کو بیرونی دباؤ سے بچنے کے لیے فون بند کرکے آرام کرنا چاہیے۔
سوریہ کمار نے ہفتے کے روز پریس کانفرنس میں کہا کہ ’اپنے کمرے بند کریں، فون بند کریں اور سو جائیں۔ یہی سب سے بہتر ہے۔ کہنا آسان ہے لیکن عمل مشکل، یہ آپ پر ہے کہ آپ کیا سننا چاہتے ہیں اور دماغ میں کیا جگہ دینا چاہتے ہیں۔‘
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ 2025: سپر4 مرحلے کے ٹکٹوں کی قیمت کیا ہے اور کہاں سے حاصل کیے جاسکتے ہیں؟
ایشیا کپ کے دوران بھارت اور پاکستان کی ٹکراؤ نے سب سے زیادہ توجہ حاصل کی ہے، خاص طور پر اس وقت جب گزشتہ ہفتے گروپ اے کے میچ میں بھارت نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی لیکن بھارتی کھلاڑیوں نے میچ کے بعد پاکستانی ٹیم سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا۔
بھارتی کپتان نے یہ فتح مسلح افواج کے نام کی تھی جبکہ کئی کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر بھی اسی طرح کے پیغامات دیے، جس پر پاکستان نے احتجاجاً ٹورنامنٹ سے دستبرداری پرغور کیا لیکن بعد میں یو اے ای کے خلاف میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ تنازع: میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی معافی مانگنے کی ویڈیو سامنے آگئی
سوریہ کمار یادو نے کہا کہ ٹیم کی تیاری اچھی ہے اور وہ پچھلی کارکردگی پر انحصار نہیں کریں گے۔ ’ہم ہر میچ کو نئے سرے سے شروع کریں گے، پچھلی جیت ہمیں کوئی اضافی برتری نہیں دیتی۔‘
انہوں نے کہا کہ ہماری تیاری اچھی ہے۔ اور 3 اچھے میچز کھیلے ہیں۔ ایک میچ جیتنے کا مطلب برتری نہیں ہوتا، اچھا مقابلہ ہو گا، اسٹیڈیم بھرا ہوا ہو تو اچھا کھیلنا ہوتا ہے۔