پاکستانی بلے باز فخر زمان کو متنازع طور پر آؤٹ قرار دینے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ 2025 کے دوران کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فخر زمان کے متنازعہ آؤٹ پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو باضابطہ شکایت درج کرائی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ایشیا کپ سپر فور: فخر زمان کو غلط آؤٹ دیا گیا، سوشل میڈیا پر بحث
اتوار کے میچ میں تیسرے اوور میں فخر زمان کو تھرڈ امپائر روچرا پلیاگوروگے نے کیچ آؤٹ قرار دیا۔ فخر نے گیند کو ایج کیا جسے بھارتی وکٹ کیپر سنجو سیمسن نے پکڑ لیا۔ معاملہ تھرڈ امپائر کو بھیجا گیا تاہم ری پلے غیر واضح ہونے اور بال ممکنہ طور پر زمین کو چھونے کے باوجود فیصلہ بھارت کے حق میں دیا گیا۔
فخر زمان اس فیصلے پر خاصے برہم نظر آئے اور ڈگ آؤٹ واپس جاتے ہوئے ان کا غصہ صاف دکھائی دیا جبکہ دوسری جانب بھارتی کھلاڑیوں نے جشن منایا۔
اس فیصلے نے سوشل میڈیا پر فوری بحث چھیڑ دی جہاں سابق کرکٹرز اور شائقین نے ٹیکنالوجی کے معیار اور تھرڈ امپائر کے فیصلے پر سوالات اٹھائے۔ پاکستانی شائقین نے اسے اپنی ٹیم کے ساتھ ناانصافی قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیے: آئی سی سی کا پی سی بی پر پروٹوکول کی خلاف ورزی کا الزام، معافی ویڈیو پر اعتراض
اس سے قبل ایونٹ کے پہلے میچ میں بھی میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کے فیصلوں پر بھی پی سی بی نے شکایت درج کرائی تھی۔
پی سی بی نے آئی سی سی سے شفاف وضاحت کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب شائقین کے درمیان یہ بحث زور پکڑ گئی ہے کہ اگر فخر زمان کا آؤٹ نہ دیا جاتا تو میچ کا نقشہ مختلف ہوسکتا تھا۔