ایشیا کپ 2025 میں ہندوستان اور پاکستان کے میچ میں ہاتھ نہ ملانے کے تنازع پربھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق بھارتی کپتان محمد اظہرالدین نے بھارتی کرکٹ ٹیم پر شدید تنقید کی ہے۔
اظہر الدین نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہاتھ ملانے میں کوئی حرج نہیں تھا۔ جب آپ میچ کھیل رہے ہوتے ہیں تو کھیل اخلاق و آداب کے مطابق ہونا چاہیے، مجھے معلوم نہیں کہ اس معاملے میں کیا مسئلہ تھا، میں واقعی سمجھ نہیں پا رہا کہ ہاتھ نہ ملانا کیوں ضروری سمجھا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسپورٹس مین شپ نظرانداز: بھارتی ٹیم نے ایک بار پھر پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملایا
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ٹیم نے میچ کھیلنے کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے، تو پھر مکمل جذبے اور عزت کے ساتھ کھیلنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب آپ احتجاج کی کیفیت میں کھیل رہے ہوں، تو بہتر ہے کہ کھیل ہی نہ ہو۔ احتجاج کے تحت کھیلنے کا کوئی مطلب نہیں۔ اگر کھیلنا ہے تو پورے جذبے کے ساتھ کھیلنا چاہیے۔ ورنہ کھیلنے کی ضرورت ہی نہیں ہے۔
Nothing Wrong In Shaking Hands with Pakistani Players even if serious verbal spat happened on ground (or Pahalgam boycott):
:Congress leader Mohammad Azharuddin while criticising Suryakumar Yadav & team for not Shaking hands with Pak team pic.twitter.com/V6yXWmS9Sc
— Megh Updates 🚨™ (@MeghUpdates) September 22, 2025
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارتی کپتان نے ٹاس کے بعد پاکستانی کپتان سے ہاتھ نہ ملایا، میچ کے بعد بھی بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ کرنے سے گریز کیا۔
اس سے قبل گروپ مرحلے کے میچ میں بھی دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹاس کے موقع پر ہاتھ نہیں ملایا تھا، پھر بعد ازاں میچ کے اختتام پر بھی بھارتی ٹیم نے پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی ٹیم کے رویے پر محسن نقوی برہم، کھیل کی روح مجروح کرنے کا الزام
اس کے بعد یہ خبر سامنے آئی تھی کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کو بتا دیا تھا کہ کپتانوں کے درمیان مصافحہ نہیں ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس معاملے پر سخت ایکشن لیا اور آئی سی سی سے رابطہ کرکے کہاکہ اگر اس معاملے کو حل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ سے دستبردار ہو جائےگا۔