وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل بروز منگل 3 بجے وزیر اعظم ہاؤس میں طلب کرلیا ہے۔
اجلاس میں قومی اہمیت اور سلامتی سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔
علاوہ ازیں اجلاس میں 9 مئی کو ہونے والے پرتشدد واقعات سمیت مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر سیکیورٹی ادارے وزیر اعظم شہباز شریف کو بریفنگ دیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
قومی سلامتی کمیٹی کیا ہے؟
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے وفاقی کابینہ کی تشکیل نو کر کے کابینہ کی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا نام دیا تھا۔ اس کمیٹی کے سربراہ وزیر اعظم ہیں۔
وزیر خارجہ، وزیر داخلہ، وزیر خزانہ، وزیر دفاع، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف، آرمی چیف، نیول چیف، ایئر چیف مارشل اس کمیٹی کے مستقل ارکان ہیں۔
یہ کمیٹی قومی سلامتی، دفاع، خارجہ اور داخلی سیکیورٹی پالیسی وضع کرنے کی ذمہ دار ہے۔