بھارت کی فوج آئندہ ماہ بڑے پیمانے پر ڈرون اور کاؤنٹر ڈرون سسٹمز کی جانچ کے لیے ایک اہم فوجی مشق کرنے جا رہی ہے۔ یہ اعلان منگل کو ایک سینئر عسکری افسر نے کیا۔
یہ مشق اس پس منظر میں سامنے آ رہی ہے جب چند ماہ قبل پاکستان کے ساتھ تنازع کے دوران بڑی سطح پر ڈرونز اور بغیر پائلٹ فضائی نظام کا استعمال کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:پاک بھارت کشیدگی: پاکستان نے اب تک بھارت کے کتنے ڈرونز گرادیے؟
بھارتی فضائیہ کے نائب سربراہ برائے انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف، ایئر مارشل راکیش سنہا کے مطابق اس مشق کا نام ’کولڈ اسٹارٹ‘ رکھا گیا ہے، جو بھارت کی اب تک کی سب سے بڑی ڈرون وار گیمز ہوگی۔

’یہ مشق اکتوبر کے پہلے ہفتے میں منعقد کی جائے گی، جس میں دفاعی صنعت کے نمائندے اور محققین بھی شریک ہوں گے۔‘
ایئر مارشل سنہا نے کہا کہ اس مشق کے دوران ڈرون اور کاؤنٹر ڈرون سسٹمز کی آزمائش کی جائے گی تاکہ فضائی دفاع کو مزید مضبوط اور جدید بنایا جا سکے۔
انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف کے سربراہ ائیر مارشل اشوتوش ڈکشٹ نے بتایا کہ اس مشق میں مئی میں ہونے والے پاکستان تنازع کے دوران استعمال ہونے والے ڈرون وار فیئر کو بھی جزوی طور پر دہرانے کی کوشش کی جائے گی۔
مزید پڑھیں:ننکانہ صاحب میں سکھوں کے مقدس مقام پر بھارتی ڈرون حملہ، سکھ اب کیا سوچ رہے ہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ ڈرون اور کاؤنٹر ڈرون سسٹمز بھارت کے نئے سُدرشن چکر ایئر ڈیفنس سسٹم کا بنیادی حصہ ہوں گے، جس میں طیارے اور کاؤنٹر ہائپرسونک سسٹمز بھی شامل کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھی اس میدان میں کام کر رہا ہے اور بہتر ہو رہا ہے، اس لیے ہمیں اس سے ایک قدم آگے بڑھنا ہوگا۔