پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے اور بابر اعظم کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ پلیئر آف دی میچ ایوارڈز جیتنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں نیا مقام حاصل کر لیا ہے۔
شاہین نے یہ اعزاز ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں بنگلہ دیش کے خلاف شاندار آل راؤنڈ کارکردگی دکھا کر حاصل کیا۔
انہوں نے بیٹنگ میں قیمتی 19 رنز بنائے اور گیند کے ساتھ صرف 17 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جس کی بدولت پاکستان نے 11 رنز سے کامیابی حاصل کی اور فائنل میں رسائی حاصل کی۔
یہ شاہین کے کیریئر کا دسویں بار پلیئر آف دی میچ ایوارڈ ہے، جس کے ساتھ وہ بابر اعظم (9 ایوارڈز) کو پیچھے چھوڑ گئے ہیں۔
پاکستانی کھلاڑیوں کے سب سے زیادہ پلیئر آف دی میچ ایوارڈز
پاکستانی کھلاڑیوں میں سب سے زیادہ پلیئر آف دی میچ ایوارڈز محمد رضوان اور شاداب خان کے پاس ہیں جنہوں نے 12، 12 مرتبہ یہ اعزاز حاصل کیا، ان کے بعد محمد حفیظ اور شاہد آفریدی 11، 11 ایوارڈز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی نے 10 ایوارڈز کے ساتھ بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جن کے پاس 9 ایوارڈز ہیں، جبکہ عمر اکمل نے 7 اور شعیب ملک نے 6 مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے۔
بابر کے بعد اب شاہین کی باری
یہ ریکارڈ اس وقت سامنے آیا ہے جب شاہین آفریدی کو پاکستان کے ابھرتے ہوئے آل راؤنڈر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ نہ صرف وہ وکٹیں لے رہے ہیں بلکہ بیٹنگ میں بھی ٹیم کو قیمتی رنز فراہم کر رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر شاہین کا یہ تسلسل برقرار رہا تو وہ جلد ہی محمد رضوان اور شاداب خان کو بھی پیچھے چھوڑ سکتے ہیں، جو 12، 12 ایوارڈز کے ساتھ فہرست میں سرفہرست ہیں۔
پاکستان اور بھارت کی فیصلہ کن ٹکر
ایشیا کپ 2025 کا فائنل اب پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا۔ یہ پہلا موقع ہوگا کہ دونوں روایتی حریف ایشیا کپ کے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔
بھارت اب تک ایونٹ میں ناقابلِ شکست ہے اور پاکستان کو شکست دے چکا ہے، تاہم شاہین آفریدی اور دیگر کھلاڑیوں کی فارم نے شائقین کو ایک سنسنی خیز مقابلے کی امید دلا دی ہے۔