ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے داناسر، درازندہ کے مقام پر آج ایک المناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جب بلوچستان کے خانوزئی سے ڈیرہ اسماعیل خان آنے والی ایک مزدا گاڑی کے بریک فیل ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں:ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹریفک حادثہ، ایران جانے والے 2 زائرین جاں بحق، 17 زخمی
گاڑی میں ایک ہی خاندان کے افراد سوار تھے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 ڈیرہ اسماعیل خان کی ٹیم موقع پر پہنچی اور بروقت امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
گاڑی کے بریک فیل ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا جس میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے 03 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا، جبکہ 07 جاں بحق افراد کی لاشیں بھی ریکور کی گئیں۔ مقامی ذرائع نے 04 مزید جاں بحق افراد کو اسپتال پہنچایا۔
ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد
حادثے میں مجموعی طور پر 11 افراد جان کی بازی ہار گئے جن میں 05 خواتین، ایک مرد اور ایک بچہ شامل ہیں، جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے۔
زخمیوں کی شناخت
زخمیوں میں دریا خان (27 سال)، یوسف (10 سال) اور احمد (25 سال) شامل ہیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر فصیح اللہ نے اس افسوسناک سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
یہ بھی پڑھیں:بلوچستان: لسبیلہ میں المناک ٹریفک حادثہ، 9 افراد جاں بحق
ترجمان ریسکیو 1122 احسان خان کے مطابق زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ضابطے کے مطابق اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔














