سعودی عرب نے قومی جدت اور ڈیجیٹل معیشت کی سمت ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے پہلا سعودی ساختہ لیپ ٹاپ HORIZON Pro متعارف کرایا ہے، جو مصنوعی ذہانت کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
یہ اعلان کمپنی HUMAIN نے کیا، جو پبلک انویسمنٹ فنڈ کی ملکیت ہے۔ اس منصوبے کو مملکت کی ٹیکنالوجی میں خودکفالت اور عالمی قیادت کی علامت قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کا پہلا مقامی اے آئی چیٹ بوٹ لانچ کردیا گیا
یہ لیپ ٹاپ محققین، ماہرین، تخلیقی شعبوں کے افراد اور کاروباری پیشہ وران کے لیے ایک ہمہ جہت حل ہے، جو کارکردگی، سکیورٹی اور لچک کو یکجا کرتا ہے۔
یہ جدید ڈیوائس طاقتور Qualcomm Snapdragon X Elite پروسیسر کے ساتھ آتا ہے، جسے نئی نسل کی اسمارٹ کمپیوٹنگ کے لیے تیار کیا گیا ہے، اس میں 32 گیگا بائٹ میموری اور ایک ٹیرا بائٹ SSD اسٹوریج فراہم کی گئی ہے تاکہ بھاری اور پیچیدہ ایپلی کیشنز بھی باآسانی چل سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب اے آئی ڈاکٹر کلینک کھولنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا
مزید برآں، 14 انچ OLED ڈسپلے اور 2.8K ریزولوشن صارف کو شاندار بصری تجربہ فراہم کرتے ہیں، جبکہ بیٹری ایک ہی چارج پر 18 گھنٹے تک ساتھ دیتی ہے۔
HORIZON Pro مصنوعی ذہانت کے دو موڈز فراہم کرتا ہے۔ آف لائن اے آئی موڈ میں تمام پروسیسنگ براہِ راست ڈیوائس پر انجام پاتی ہے، جس سے مکمل ڈیٹا پرائیویسی یقینی بنتی ہے، جبکہ ہائبرڈ اے آئی موڈ مقامی پروسیسنگ اور کلاؤڈ کو یکجا کر کے زیادہ طاقتور نتائج فراہم کرتا ہے، جو بڑے ڈیٹا تجزیے، تھری ڈی ماڈلنگ اور پیچیدہ کاروباری اطلاقات کے لیے مثالی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں جدید ٹیکنالوجی کا سب سے بڑا ایونٹ ’لیپ 2025‘
اس کامیابی کے ساتھ سعودی عرب نے نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی مصنوعی ذہانت کی صنعت میں اپنی قیادت کو مزید مستحکم کیا ہے، جو مملکت کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ ڈیجیٹل معیشت اور عالمی جدت کے میدان میں سرکردہ کردار ادا کرے۔