بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی قیادت میں بڑی تبدیلی آگئی ہے۔ سابق فرسٹ کلاس کرکٹر متھن منہاس کو بورڈ کا نیا صدر منتخب کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے راجر بنی کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالی ہیں، جو اگست میں عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔
بی سی سی آئی کی سالانہ جنرل میٹنگ میں متھن منہاس کی بطور صدر تعیناتی کی منظوری دی گئی جبکہ راجیو شکلا اور دیواجیت سیکیا بالترتیب نائب صدر اور سیکریٹری کے عہدوں پر دوبارہ منتخب ہوئے۔ اس موقع پر جے دیو شاہ کو اپیکس کونسل کا رکن بنایا گیا اور آئی پی ایل گورننگ کونسل کے چیئرمین ارون دھومل بھی اپنے عہدے پر برقرار رہے۔
45 سالہ متھن منہاس دہلی کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے بعد جموں و کشمیر کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں اور کوچنگ کے شعبے میں بھی خدمات انجام دی ہیں۔ اپنے انتخاب پر انہوں نے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ بورڈ کا صدر بننا اعزاز کے ساتھ ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے، اور میں پوری لگن اور جذبے کے ساتھ اپنی خدمات انجام دوں گا۔
The 94th Annual General Meeting of the Board of Control for Cricket in India BCCI has just concluded in Mumbai.
Take a look at all the key decisions made 🔽https://t.co/sHt2sCbcaI
— BCCI (@BCCI) September 28, 2025
مزید پڑھیں: بھارتی کرکٹ بورڈ کا نیا صدر کون ہوگا؟ ممکنہ امیدوار کا نام سامنے آگیا
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے کسی بھی عہدیدار نے دبئی میں ہونے والے پاک بھارت ایشیا کپ فائنل میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی حکام نے اس سے قبل بھی گروپ اسٹیج اور سپر4 مرحلے میں پاکستان کے خلاف میچوں سے خود کو الگ رکھا تھا۔ رپورٹ کے مطابق حکام پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ محسن نقوی کے ساتھ براہِ راست ملاقات یا تعلق نہیں چاہتے، اسی لیے وہ دبئی میں تاریخ ساز فائنل کے دوران بھی موجود نہیں ہوں گے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے، اور دبئی اسٹیڈیم کے تمام ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں۔ بی سی سی آئی کے اس فیصلے نے نہ صرف شائقین کرکٹ کو حیران کیا ہے بلکہ دونوں ممالک کے تعلقات کے تناظر میں اسے ایک سفارتی پیغام بھی قرار دیا جا رہا ہے۔