پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی پی ٹی اے نے جدید ترین وائی فائی ٹیکنالوجی وائی فائی 7 اپنانے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد پاکستان ایشیا پیسیفک خطے کے اُن چند ابتدائی ممالک میں شامل ہو گیا ہے جو اس نیٹ ورک کا استعمال کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں ٹیلی کام نگرانی کا نظام قانونی اور عالمی معیار کے مطابق ہے، پی ٹی اے
پی ٹی اے کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وائی فائی 7 اور اس کے بعد آنے والی تمام جنریشنز 6 گیگا ہرٹز نیٹ ورک بینڈ پر کام کریں گی، جو ڈیجیٹل جدت اور ٹیکنالوجی میں پاکستان کی قیادت کا ثبوت ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ وائی فائی 7 الٹرا ہائی ڈیٹا ریٹ، کم تاخیر اور شاندار ریلائی ایبلٹی فراہم کرے گا، جس کے ذریعے 8K اسٹریمنگ، اے آر وی آر اور انڈسٹریل آٹومیشن ممکن ہو سکے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے نے مبینہ ڈیٹا لیک کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا
مزید کہا گیا کہ پرانے نیٹ ورک بینڈز پر دباؤ کم کرنے اور براڈ بینڈ کی ترسیل کے اخراجات گھٹانے سے گھریلو صارفین، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، تعلیمی ادارے، صحت کے شعبے اور اسمارٹ شہروں کے لیے کنیکٹیویٹی بہتر ہو گی۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایک ہفتہ قبل وفاقی سیکریٹری آئی ٹی ضرار ہاشم نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کو بتایا تھا کہ زیر سمندر خراب انٹرنیٹ کیبلز کی بحالی میں 4 سے 5 ہفتے لگ سکتے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی تھی کہ یمن کے ساحل کے قریب متعدد کیبلز کٹنے سے پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار اور سروس متاثر ہوئی ہے۔













