اتحاد ایئرویز نے دس سال بعد پشاور کے لیے پروازیں بحال کر دی ہیں۔
پیر کے روز ابوظہبی سے آنے والی فلائٹ EY 276 باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری، جہاں ایئرپورٹ حکام نے روایتی واٹر سالیٹ کے ساتھ اس کا خیرمقدم کیا۔ پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق یہ اتحاد ایئرویز کی پشاور آمد 2014 کے بعد پہلی بار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اتحاد ایئرویز کی خصوصی رعایت: منتخب شہروں کے لیے کرایوں میں 30 فیصد تک کمی کا اعلان
اتھارٹی کے بیان میں کہا گیا کہ اب اتحاد ایئرویز ہفتے میں پانچ پروازیں ابوظہبی اور پشاور کے درمیان چلائے گی۔ یہ پروازیں پیر، منگل، جمعرات، جمعہ اور اتوار کو ہوں گی، جبکہ پشاور سے EY 277 صبح 8 بجے روانہ ہوا کرے گی۔
حکام کے مطابق اس نئے شیڈول سے مسافروں کو زیادہ سہولت، بہتر انتخاب اور عالمی سطح پر مزید کنیکٹیویٹی میسر آئے گی، جو پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کے محفوظ اور عالمی معیار کے ایئرپورٹ آپریشنز کے عزم کی عکاسی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اتحاد ایئرویز نے پاکستان کے لیے نان اسٹاپ پروازوں کی تعداد مزید بڑھا دی
اتحاد ایئرویز رواں سال پشاور کے لیے آپریشن شروع کرنے والی تیسری غیر ملکی ایئرلائن ہے۔ اس سے قبل مئی میں اماراتی کم لاگت فضائی کمپنی فلائی دبئی نے پشاور کے لیے پروازیں شروع کی تھیں، جبکہ اگست میں سعودی ایئرلائن فلائی اڈیال نے بھی اسلام آباد اور پشاور کے لیے پروازوں کا آغاز کیا تھا۔
دونوں ایئرلائنز کی افتتاحی پروازوں کا خیرمقدم بھی واٹر کینن سالیٹ اور خصوصی تقاریب سے کیا گیا تھا۔