بلوچستان اسمبلی کی 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے خلاف مذمتی قرار داد

پیر 15 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان اسمبلی نے متفقہ طور پر منظور ہونے والی ایک قرارداد کے ذریعے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان کے حساس سرکاری اور نجی املاک پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

قرارداد پیش کرتے ہوئے ظہور بلیدی نے کہا کہ عمران خان بیرونی ایجنڈے پر کار فرما ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 75 برسوں میں ملک دشمنوں نے طرح طرح کی سازشیں کیں لیکن کسی نے بھی نظریاتی اور سرحدی محافظوں کو نشانہ نہیں بنایا۔

ظہور بلیدی نے کہا کہ ملک کو تباہ کرنے کی گھناؤنی سازش کی گئی لہٰذا املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہیے۔

بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ 20 منٹ کی تاخیر سے پینل آف چئیرمین کے رکن نصر اللہ زیرے کی صدارت میں شروع ہوا۔ بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے آغاز پر مسلم باغ میں شہید اہلکاروں کے بلند درجات کی دعا کی گئیں جس کے بعد میر ظہور بلیدی نے قرارداد ایوان میں پیش کی

قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر داخلہ میر ضیا لانگو کا کہنا تھا کہ ریاستی تنصیبات پر حملوں میں ملوث سخت سزا کے مستحق ہیں۔

بی این پی مینگل کے میر اختر حسین لانگو نے کہا کہ میزان عدل میں اعتدال ضروری ہے اور متنازع ہونے سے مستعفی ہوجانا بہتر ہے۔

اراکین کی بحث کے بعد قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 18 مئی شام 4 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp