اوپن اے آئی نے اپنا نیا اور سب سے جدید ویڈیو جنریشن ماڈل ’سورا 2‘ متعارف کرا دیا ہے۔
اس کے ساتھ ایک نئی سوشل میڈیا ایپ بھی لانچ کی گئی ہے، جو ٹک ٹاک اور یوٹیوب جیسے پلیٹ فارمز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اوپن اے آئی نے فری یوزرز کے لیے چیٹ جی پی ٹی کا ’پروجیکٹس‘ فیچر متعارف کرا دیا
اس ایپ کے ذریعے صارفین محض ٹیکسٹ پرامپٹ کے ذریعے آڈیو کے ساتھ ہائی ڈیفینیشن ویڈیو کلپس بنا سکتے ہیں۔
اس میں ایک منفرد فیچر ’کیمیو‘ بھی شامل ہے، جو صارفین کو اپنی موجودگی کو براہِ راست اے آئی سے تیار کردہ مناظر میں شامل کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
اوپن اے آئی کے مطابق سورا 2 مصنوعی ذہانت کی ویڈیو سازی کی صلاحیت میں ایک بڑا سنگِ میل ہے، جو نہ صرف ہم آہنگ مکالمے اور ساونڈ ایفیکٹس تخلیق کرسکتا ہے بلکہ طبعی طور پر درست اور حقیقت کے قریب حرکات بھی پیدا کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی میں ’اسٹڈی موڈ‘ متعارف کرا دیا
اس سے ویڈیو کا اثر پہلے کے تمام ماڈلز کے مقابلے میں کہیں زیادہ حقیقی اور دلکش محسوس ہوتا ہے۔
یہ اقدام اوپن اے آئی کو براہِ راست ان بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے مقابلے میں لا کھڑا کرتا ہے جن میں گوگل، میٹا اور بائٹ ڈانس شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: سیم آلٹ مین نے اوپن اے آئی خریدنے کی ایلون مسک کی پیشکش ٹھکرادی
سورا 2 کی بدولت آن لائن مواد کی تخلیق اور شیئرنگ کے طریقے یکسر بدلنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
ایپ کا انٹرفیس ٹک ٹاک اور انسٹاگرام ریلز جیسا اسکرول اور سوائپ پر مبنی ڈیزائن رکھتا ہے، جبکہ اس کا الگورتھم صارفین کو ان کی دلچسپیوں کے مطابق ویڈیوز تجویز کرتا ہے۔
فی الحال یہ ایپ ابتدائی طور پر صرف امریکا اور کینیڈا میں ایپل کے ایپ اسٹور کے ذریعے ’انوائیٹ اونلی‘ بنیادوں پر دستیاب ہوگی۔
یہ پلیٹ فارم مختصر ویڈیو مواد پر مرکوز ہے تاکہ ٹک ٹاک اور یوٹیوب شارٹس جیسے مقبول فارمیٹس کے مقابلے میں اپنی جگہ بنا سکے۔