اسلام آباد نیشنل پریس کلب میں صحافیوں پر پولیس اہلکاروں کے تشدد کا واقعہ سامنے آنے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نوٹس لے لیا ہے۔ وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد پولیس سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پریس کلب میں پولیس داخل اور توڑ پھوڑ، ’اب تو صحافی پریس کلب میں بھی محفوظ نہیں
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ صحافی برادری پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، واقعہ میں ملوث اہلکاروں کا تعین کرکے انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
طلال چوہدری کی صحافیوں سے معذرت
اس موقع پر نیشنل پریس کلب میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو نیشنل پریس کلب میں داخل نہیں ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کے تشدد کا معاملہ وزیر داخلہ کے نوٹس میں آچکا ہے اور امید ہے کہ صحافی برادری ان کی معذرت قبول کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے صحافی کو نازیبا جملے، قومی اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور
واضح رہے کہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں اس ناخوشگوار واقعہ کے بعد صحافتی تنظیموں نے بھی شدید ردعمل ظاہر کیا ہے اور حکومت سے واقعہ کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ آزاد کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے زیرِ اہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر ہونے والے احتجاجی مظاہرے کے دوران اسلام آباد پولیس نے نیشنل پریس کلب میں زبردستی داخل ہو کر کیفے ٹیریا میں توڑ پھوڑ کی اور صحافیوں پر تشدد کیا۔