لاجواب ٹیلنٹ سے مالامال پاکستانی ٹیم کرکٹ ورلڈ کپ جیت سکتی ہے، مکی آرتھر

منگل 16 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کہا ہے کہ پاکستان لاجواب ٹیلنٹ سے مالامال ایک ایسی ٹیم ہے جو ورلڈ کپ جیت سکتی ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر حال ہی میں ٹیم کے ڈائریکٹر مقرر ہوئے ہیں۔ انہوں نے ایک انٹر ویو میں 2023کے ورلڈ کپ اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے حوالے سے بات کی۔

بھارت میں اکتوبر میں ہونے والی آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے ضمن میں مکی آرتھر کا موقف تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم موجودہ لاجواب ٹیلنٹ کے ساتھ ورلڈ کپ جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

مکی آرتھر نے پاکستانی کھلاڑیوں سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر کا عہدہ قبول کرنے کے بعد کھلاڑیوں سے پہلی بار ملاقات میں انہیں دیکھ کر بہت اچھا لگا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ انہوں نے بطور پاکستانی ٹیم کوچ ان نوجوانوں کو باصلاحیت کھلاڑیوں کے طور پر چھوڑا تھا لیکن اب جب وہ انہیں دیکھتے ہیں تو وہ نوجوان لڑکے بڑے ہو چکے ہیں اور ان میں سے بیشتر کی شادیاں بھی ہوچکی ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی کپتانی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ بابر اعظم نے اس پوزیشن کو اپنا بنانا شروع کر دیا ہے اور اس کی بیٹنگ ایک بار پھر مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں سرفرازاحمد کی شرکت کے حوالے سے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کہا کہ 50 اوور کے ورلڈ کپ میں بہت سے لوگ شامل ہیں اسی لیے ابھی اس حوالے سے واضح طور پر بات نہیں کی گئی۔

مکی آرتھر نے بتایا کہ ان کے اور سرفراز کے درمیان ایک اچھا رشتہ ہے اور انہوں نے سرفراز کے ساتھ بات کی ہےکیونکہ وہ خود اور سرفراز بہت پیچھے چلے گئے ہیں۔

مکی آرتھر 2016سے 2019تک قومی کرکٹ ٹیم کےہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ہیڈ کوچ کے طور پر 3سالوں کے دوران قومی ٹیم نے سرفرازاحمد کی قیادت میں پہلی بار2017کی آئی سی سی کی چیمپیئنز ٹرافی جیتی تھی۔ اس دوران پاکستان ٹی 20 کرکٹ کی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر تو آگیا تھا لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم کی کارکردگی تسلی بخش نہیں رہی۔

2019کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد مکی آرتھر کو پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ اس کے بعد آرتھر نے سری لنکن  ٹیم کے کوچ کے طور پر خدمات انجام دیں۔

2022سے وہ انگلش کاؤنٹی کرکٹ کلب ڈربی شائر کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ چند ماہ قبل چارج سنبھالنے والی پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی انتظامیہ نے مکی آرتھر کو پاکستانی کرکٹ میں واپس لانے کا فیصلہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp