معروف اداکار و پروڈیوسر ہمایوں سعید نے اپنے کیریئر کے دوران پیش آنے والے ایک دلچسپ اور حیران کن واقعے کا انکشاف کیا ہے۔
ایک ٹی وی پروگرام ’ہسنا منع ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کی اہلیہ، پروڈیوسر ثمینہ ہمایوں سعید نے ایک موقع پر انہیں ایک ’دیوانی مداح‘ سے بچایا۔
یہ بھی پڑھیں:ہمایوں سعید نے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز کردیا
ہمایوں سعید کے مطابق ایک روز ایک خاتون مداح ان کے گھر پہنچ گئی اور اصرار کرنے لگی کہ وہ انہیں اپنا شوہر سمجھتی ہے اور ان سے شادی کرنا چاہتی ہے۔
اداکار کے بقول میں اتنا حیران رہ گیا کہ فوراً اوپر گیا اور اپنی بیوی ثمینہ کو بلایا کہ آ کر مجھے اس صورتحال سے نکالو۔

ثمینہ ہمایوں نیچے آئیں، مداح سے بات کی، اور معاملہ بخیر انجام پا گیا۔
ہمایوں سعید نے پروگرام میں اپنی جوانی کے دنوں کی ایک اور یاد بھی شیئر کی، جب وہ 18 سال کی عمر میں ایک لڑکی سے محبت کرتے تھے۔ وہ اپنے چچا کے گھر بطور اُستاد جاتے اور چھت پر چڑھ کر اس لڑکی کی ایک جھلک دیکھنے کی کوشش کرتے۔

ایک موقع پر تو وہ اس لڑکی کو دیکھنے کے لیے ٹرین میں سوار ہو کر حیدرآباد تک چلے گئے۔
اداکار نے کہا کہ ان دنوں وہ ابھی ثمینہ سے نہیں ملے تھے، لیکن آج وہ اپنی کامیابی اور زندگی میں نظم و ضبط کا کریڈٹ اپنی اہلیہ کو دیتے ہیں، جنہوں نے ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہ کر ان کی زندگی کو ایک بہتر سمت دی۔













