جنوبی افریقہ کی اوپننگ بیٹر تزمین برٹز نے ویمنز ورلڈ کپ 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف سینچری اسکور کی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی ہٹ دھرمی برقرار: ویمنز ورلڈ کپ کے میچ میں بھی بھارتی کپتان کا پاکستانی کپتان سے ہاتھ ملانے سے گریز
تزمین برٹز نے 86 گیندوں پر 15 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ یہ سال 2025 میں ان کی پانچویں ون ڈے سینچری ہے، جو خواتین کرکٹ کی تاریخ میں ایک کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ سینچریوں کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔
اس سے قبل بھارتی اوپنر سمرتی مندھانا نے یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا، جنہوں نے 2024 اور 2025 میں 4،4 سینچریاں اسکور کی تھیں۔
نیوزی لینڈ کے خلاف اس اننگز کے بعد تزمین برٹز مجموعی طور پر 41 اننگز میں 7 سینچریاں مکمل کر چکی ہیں۔ وہ سب سے کم اننگز میں 7 سنچریاں مکمل کرنے والی تیز ترین کرکٹر بن گئی ہیں، اس سے پہلے یہ اعزاز آسٹریلیا کی میگ لیننگ کے پاس تھا جنہوں نے 44 اننگز میں یہ سنگِ میل عبور کیا تھا۔
اس فہرست میں انگلینڈ کی ٹیمی بومونٹ (62 اننگز) اور نیوزی لینڈ کی سوزی بیٹس (81 اننگز) بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ تزمن بریٹس نے اپنی سینچری مکمل ہونے پر روایتی ’تیر و کمان‘ کے انداز میں جشن منایا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کے خلاف ورلڈ کپ میچ: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سدرا امین کی سرزنش
میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 231 رنز پر آؤٹ کر کے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔














