وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ امت مسلمہ اگر اپنی اقدار اور اسلامی اصولوں پر عمل پیرا ہو جائے تو وہ اقوام عالم میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکتی ہے۔ قیادت کوئی امتیاز نہیں بلکہ امانت ہے جسے دیانت، اخلاص، انصاف اور شفاف احتساب کے ساتھ ادا کرنا لازم ہے۔
انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ملائیشیا کی جانب سے لیڈر شپ اینڈ گورننس میں اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری وصول کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف اب ڈاکٹر شہباز شریف بن گئے
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا دونوں نوجوان آبادی سے مالا مال ممالک ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ نوجوانوں کو انسانیت کی خدمت کے مواقع فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کو تنازعات، غربت اور باہمی اختلافات جیسے چیلنجوں کا سامنا ہے، ایسے میں ہمیں اپنے دین کی تعلیمات پر مضبوطی سے کاربند رہنا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ لیڈر شپ خدمت، دیانت اور جوابدہی کا نام ہے، تاریخ گواہ ہے کہ جب مسلمانوں نے ان اصولوں کو اپنایا تو وہ دنیا کی رہنمائی کرنے لگے۔ انہوں نے علامہ اقبال کا شعر پڑھتے ہوئے کہا:
سبق پھر پڑھ صداقت کا، عدالت کا، شجاعت کا
لیا جائے گا تجھ سے کام دنیا کی امامت کا
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا پاک-ملائیشیا تعلقات کو پائیدار شراکت داری میں بدلنے کا عزم
تقریب میں ملائیشیا کی ریاست پہانگ کی ملکہ تنکو عزیزہ امینہ میمونہ سکندریہ، وزرا اور تعلیمی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ ملکہ تنکو عزیزہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو ’قیادت اور طرز حکمرانی میں مثالی خدمات‘ پر اعزازی ڈاکٹریٹ عطا کیا۔