خیبرپختونخوا کے سبکدوش وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ وہ چیئرمین عمران خان کے فیصلے کو من و عن قبول کرتے ہیں اور پارٹی کے تمام ارکان نے ان کے مذکورہ فیصلے پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
جمعرات کی شام پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وہ مستعفی ہوچکے ہیں اور اب عمران خان بھی کہیں تو وہ دوبارہ وزیراعلیٰ نہیں بنیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: گنڈاپور کی کارکردگی سے مطمئن ہیں؟ اس پر جواب نہ دوں تو ہی بہتر ہے، اسد قیصر کا صحافی کو جواب
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف متحد ہے اور وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے پارٹی نے واضح لائحہ عمل طے کر لیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی طرح کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ’نامزد وزیر اعلیٰ کے حوالے سے بھی واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ ہماری حکومت کو کوئی نہیں گرا سکتا۔‘
علی امین گنڈا پور نے تصدیق کی کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ گورنر کو بھیج دیا ہے۔
مزید پڑھیں: علی امین گنڈاپور نے علیمہ خان سے متعلق عمران خان کو کیا بتایا؟ تفصیلات آگئیں
’میرا استعفیٰ ہوچکا ہے، لیکن کچھ عناصر غیرضروری تاخیر کر کے ڈرامہ بازی کر رہے ہیں، جو صوبے کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔‘
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر عمران خان خود بھی دوبارہ وزیر اعلیٰ بننے کو کہیں تو وہ تسلیم نہیں کریں گے۔