9 مئی کے واقعات میں افغان شہری بھی ملوث ہیں: رانا ثنا اللہ کا انکشاف

بدھ 17 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث عناصر کی شناخت ہو چکی ہے اور اس حوالے سے شواہد بھی سامنے آگئے ہیں زمان پارک میں ان حملہ آوروں کو تربیت دی گئی تھی۔

اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ منگل کے روز ہونے والے اہم اجلاس میں یہ بتایا گیا ہے کہ واقعات میں ملوث کتنے افراد کی شناخت ہوئی اور کتنے اب تک گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جو شر پسند جناح ہاؤس میں داخل ہوئے تھے ان کی شناخت کر لی گئی ہے۔ یہ 50 سے 100 افراد پر مشتمل وہ تربیت یافتہ گروہ تھا جسے ٹرینڈ کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں کارروائیاں کی گئی ہیں وہاں پر خواتین کا ایک گروہ پہلے جا کر حالات کا جائزہ لیتا تھا اور اس کے بعد کارروائی کی جاتی تھی۔ جن لوگوں نے تنصیبات کو آگ لگائی ان کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ دفاعی اور سرکاری تنصیبات پر جن لوگوں نے حملے کیے ان میں افغان شہری بھی ملوث نکلے ہیں۔ جن جن لوگوں نے بھی ایسا کیا ہے ان کو نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ کسی بھی مجرم کو بخشا نہیں جائے گا۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ہم اس بات کو ثابت کریں گے کہ ملک میں فتنہ اور فساد باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ کیا گیا۔ عمران خان ایک سال تک ان جتھوں کی تربیت کرتا رہا اور فتنہ و فساد کے لیے ہی ان کو تیار کیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp