خیبر پختونخوا کے مشیرِ اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وزیراعظم اور وفاقی وزرا کے حالیہ بیانات پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے وفاقی حکومت کو دہشتگردوں کا اصل سہولت کار قرار دیا ہے۔
وفاقی پالیسیاں دہشت گردی کو فروغ دے رہی ہیں
بیرسٹر سیف نے کہا کہ وفاق اپنی ناقص اور کمزور پالیسیوں کے باعث دہشت گردوں کی سہولت کاری کر رہا ہے۔
ان کے بقول وفاق کی غیر مؤثر حکمتِ عملی دہشت گردی کے خاتمے کے بجائے اسے مزید بڑھا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تنازع ختم؟ عمران خان علی امین گنڈاپور ملاقات کے بعد بیرسٹر سیف کا بڑا دعویٰ
ڈاکٹر سیف نے وزیراعظم پر براہِ راست تنقید کرتے ہوئے کہا جب یہ جعلی وزیراعظم وزیراعلیٰ تھے تو دہشتگردوں سے منتیں کرتے تھے کہ انہیں معاف رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک غیر ذمہ دار وزیراعظم سے دہشت گردی کے خاتمے کی توقع رکھنا احمقوں کی جنت میں رہنے کے مترادف ہے۔
خیبر پختونخوا فرنٹ لائن پر ہے
مشیرِ اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا دہشتگردی کے خلاف سب سے آگے ہے۔ ہماری پولیس اور عوام روزانہ اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ صوبائی حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل استعمال کر رہی ہے۔

وفاقی حکومت الزام تراشی میں مصروف ہے
ڈاکٹر سیف نے وفاق پر الزام لگایا کہ وہ صوبائی حکومت کی مدد کرنے کے بجائے الزام تراشی کی سیاست میں مصروف ہے۔ وفاقی حکومت دہشتگردی کے خلاف ہمارے اقدامات میں رکاوٹ ڈال رہی ہے اور شہدا کی قربانیوں کی توہین کر رہی ہے۔
بیرسٹر سیف نے وفاقی وزرا کے بیانات کو بیمار ذہنیت کا مظہر قرار دیا۔جعلی وزیراعظم اور ان کے درباری وزراء کے بیانات ہمارے شہدا کی قربانیوں کی توہین ہیں۔














