بالی ووڈ کے مشہور ٹاک شوز میں اب ایک دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
ایک طرف کرن جوہر کا بے مثال شو ‘کافی ود کرن’، جو گزشتہ 2 دہائیوں سے ناظرین کو چٹپٹی گپ شپ، بے باک سوالات اور مشہور ‘ریپیڈ فائر’ راؤنڈ سے محظوظ کر رہا ہے۔ دوسری جانب، پرائم ویڈیو پر نیا شو ‘ٹو مچ ود کاجول اینڈ ٹوئنکل’ اپنی دوستانہ اور ہلکی پھلکی گفتگو کے انداز سے توجہ حاصل کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: فلم سَیّارا کی کامیابی پر ’کرن جوہر‘ انتہائی جذباتی کیوں ہوئے؟
2004 میں شروع ہونے والا ‘کافی ود کرن’ اب تک 9 سیزن مکمل کر چکا ہے۔ اس شو کی پہچان وہ لمحات ہیں جب سیلیبریٹیز نے کرن جوہر کے دبنگ سوالات کے سامنے چونکا دینے والے انکشافات کیے۔ چاہے وہ تنازع ہو یا مزاحیہ گفتگو، کرن کے شو کی مقبولیت میں کبھی کمی نہیں آئی۔
اس کے برعکس، ‘ٹو مچ ود کاجول اینڈ ٹوئنکل’ ایک پرسکون، مزاحیہ اور خوشگوار ماحول میں تیار کیا گیا ہے۔ کاجول اور ٹوئنکل کھنہ اپنے مہمانوں کے ساتھ ہنسی مذاق، ذاتی باتوں اور چھوٹی چھوٹی گیمز کے ذریعے ایک قریبی تعلق قائم کرتی ہیں۔
پروگرام کے سیگمنٹس جیسے ‘بریک فاسٹ کارنر’ اور ‘پک اے سائیڈ’ شو کو مزید دلچسپ بناتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: ارب پتی مکیش امبانی نے کرن جوہر کی دھرما پروڈکشن کمپنی خرید لی؟
ناظرین کے مطابق، ‘کافی ود کرن’ اب بھی گلیمر اور گپ شپ کا بادشاہ ہے جبکہ ‘ٹو مچ’ ایک تازہ ہوا کا جھونکا ہے جو تنازعات سے دور، خلوص اور مزاح کے ساتھ ایک نیا انداز متعارف کروا رہا ہے۔
دونوں شوز کا مقصد ایک ہی ہے یعنی بالی ووڈ کے چمکتے چہروں کے پیچھے کی اصل کہانی دکھانا مگر دونوں کا انداز بالکل الگ ہے۔