خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ اسکول پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے میں 6 پولیس اہلکار اور امام مسجد شہید ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 5 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ حملہ 10 اور 11 اکتوبر کی درمیانی شب ڈیرہ اسماعیل خان کے پولیس ٹریننگ اسکول پر کیا گیا، جہاں دہشتگردوں نے اسکول کی بیرونی سیکیورٹی توڑنے کی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیں: سیکیورٹی فورسز کی شیرانی میں کارروائی، فتنہ الخوارج کے 7 دہشتگرد ہلاک
بیان میں کہا گیا کہ موقع پر موجود قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے۔ دہشتگردوں نے بارود سے بھری ایک گاڑی اسکول کے مرکزی دروازے سے ٹکرا دی تھی۔
ترجمان کے مطابق پولیس اہلکاروں نے 3 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو موقع پر ہی ہلاک کردیا، جبکہ 2 مزید دہشتگردوں کو عمارت کے اندر گھیر کر سیکیورٹی فورسز انجام تک پہنچایا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 بہادر پولیس اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا، جن میں ٹریننگ حاصل کرنے والے جوان بھی شامل تھے۔ حملے کے نتیجے میں 12 پولیس اہلکار اور ایک عام شہری زخمی ہوئے۔
ترجمان کے مطابق دہشتگردوں نے کارروائی کے دوران اسکول کمپلیکس کی مسجد کو بھی نشانہ بنایا، جہاں انہوں نے عبادت گاہ کی بے حرمتی کی اور امام مسجد کو شہید کر دیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، اور اس بزدلانہ و سفاکانہ کارروائی میں ملوث تمام عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: خصدار میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 4 دہشتگرد ہلاک
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس ٹریننگ اسکول پر خوارجی دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔














