پنجاب بھر میں نوجوانوں میں وطن سے محبت اور خدمتِ خلق کا جذبہ روز بروز فروغ پارہا ہے، جس کا ثبوت سول ڈیفنس میں بطور رضاکار رجسٹریشن کرانے والوں کی بڑھتی ہوئی تعداد ہے، اب تک ایک لاکھ 42 ہزار سے زائد شہری سول ڈیفنس کے رضاکار بن چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق 85 ہزار 910 مردوں اور 57 ہزار 78 خواتین نے بطور سول ڈیفنس رضاکار رجسٹریشن کروائی ہے۔ مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی بڑھ چڑھ کر اس قومی خدمت میں حصہ لے رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سول ڈیفنس پنجاب میں 5 ہزار سے زائد شہری بطور رضاکار رجسٹر، فیصل آباد سب سے آگے
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے سول ڈیفنس ریزیلئنس کور کا یوٹیوب چینل بھی لانچ کر دیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب محکمہ داخلہ میں منعقد ہوئی جس میں چیرمین کابینہ کمیٹی و وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے خصوصی شرکت کی۔
سیکریٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے صوبائی وزراء کے ہمراہ چینل کا افتتاح کیا۔ تقریب میں ڈی آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل سیکریٹری انٹرنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکریٹری پولیس، ایڈیشنل سیکریٹری جوڈیشل، ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب اور دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سول ڈیفنس کی خدمات صوبے کے ہر کونے تک پہنچ رہی ہیں۔ رضاکار ہر مشکل گھڑی میں ہم وطنوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی آگاہی کیلئے یوٹیوب چینل کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سول ڈیفنس میں شمولیت اختیار کرکے ملکی دفاع کا فریضہ ادا کرنے کا نادر موقع
سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے سول ڈیفنس کے تربیتی کورس بھی کروائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پلیٹ فارمز شہریوں تک فوری اور قابلِ اعتماد معلومات پہنچانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
سیکریٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ سول ڈیفنس ریزیلئنس کور محفوظ، باخبر اور ذمہ دار پنجاب کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ یوٹیوب چینل سے عوامی آگاہی، تربیتی مواد اور ہنگامی رہنمائی بروقت فراہم کی جا سکے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگی حالات، سیلاب یا سموگ جیسی آفات میں سول ڈیفنس رضاکار ہر دم تیار رہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شدید گرمی کی پیش گوئی، سول ڈیفنس کا شہریوں کے لیے انتباہ
شہری پی سی ڈی آر سی آفیشل پر جا کر سول ڈیفنس کا آفیشل یوٹیوب چینل سبسکرائب کر سکتے ہیں،جبکہ بطور رضاکار شامل ہونے کے لیے آن لائن پورٹل VCD.HOME.GOP.PK پر رجسٹریشن کی جاسکتی ہے۔